کراچی (جیوڈیسک) پاکستان اسٹیل ملز نے ڈھائی ماہ سے تنخواہوں سے منتظر ملازمین کو فی کس سات سات ہزار روپے دے کر ٹرخا دیا ہے، جبکہ تنخواہوں کے بقایا جات پر ملازمین کو کوئی یقین دہانی بھی نہیں کروائی گئی، عید کے موقع پر تنخواہوں کا معمولی سا حصہ دے کر اسٹیلز ملز نے نجانے اپنے ملازمین سے کس بات کا بدلہ لیا ہے۔ اسٹیل ملز کا اپنے ملازمین سے بھونڈا مذاق کرتے ہوئے تنخواہ کے نام پر تنخواہ کا ایک حصہ دے کر چلتا کردیا اورعید کے موقع پر بھی ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیں۔
پہلے ہی گذشتہ ڈھائی ماہ سے ملازمین کو تنخواہیں نہیں دی گئیں،اب عید سے دو دن پہلے ہر ملازم کیلیے صرف سات ہزار روپے جاری کیے گئے ہیں ،ملازمین انتظامیہ کے اس رویے پر ناخوش ہیں اور شدید پریشان ہیں کہ عید سر پر ہے، سات ہزار روپے سے کیا کریں گے، کونسے خرچے پورے ہوں گے، کون سے کام رہ جائیں گے۔
پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین مسلسل مطالبہ کررہے ہیں کہ ان کی پھنسی ہوئی تنخواہیں جاری کی جائیں لیکن انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہو رہی، ملازمین نے چیف جسٹس سے اپیل کی ہے کہ صورتحال کا نوٹس لیں، ملز کے ملازمین کو آخر بار مئی میں تنخواہ ملی تھی، وہ دن ہے اور آج کا دن، ملازمین نے تنخواہ نام کی کوئی چیز نہیں دیکھی۔