نئی دلی (جیوڈیسک) نئی دلی میں بھارتی حکمران جماعت کے کارندوں نے پاکستانی ہائی کمیشن کے دفتر پر دھاوا بول دیا ، پرتشدد مظاہرین کو روکنے کیلئے پولیس کو واٹرکینن کا استعمال کرنا پڑا، بھارتی مظاہرین نے وزیراعظم من موہن سنگھ پر بھی زور دیا ہے کہ وہ نواز شریف سے ملاقات منسوخ کریں بھارتی حکمران جماعت کانگریس کے یوتھ ونگ نے نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمیشن پر حملہ کردیا ،حملہ آور سیکڑوں کی تعداد میں تھے، جنہیں روکنے کے لیے پولیس کو ایکشن لینا پڑا، اور بپھرے ہوئے شرکا کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن کا استعمال کرنا پڑا۔
دوسرا طرف بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید کا کہنا ہے کہ ایل او سی کے معاملے پر پاکستان سے وضاحت طلب کی ہے ، پاکستان کے جواب کے بعد فیصلہ پارلیمنٹ کے سامنے رکھا جائے گا۔ ادھر بھارتی ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ اپوزیشن جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کا وفد آج وزیراعظم من موہن سنگھ سے ملاقات کرے گا۔
وزیراعظم پر زور دیا جائے گا کہ وہ ستمر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر نواز شریف سے ملاقات نہ کریں، تاہم حکمران جماعت کانگریس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نواز شریف من موہن ملاقات منسوخ نہیں ہوگی اور دونوں وزرائے اعظم کی میٹنگ شیڈول کے مطابق ہوگی۔