لیاری دھماکے میں جاں بحق 3 بچوں سمیت 7 افراد کی تدفین

Lyari

Lyari

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے لیاری میں فٹبال اسٹیڈیم کے باہر دھماکے نے ماوں سے ان کے جگر گوشے چھین لیے، فٹبال دیکھ کر رونالڈو، میسی اور روبن بننے کے سپنے دیکھنے والوں کے گھر صف ماتم بچھ گئی۔ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے تین بچوں سمیت 7 افراد کی تدفین کردی گئی۔ عید سے پہلے ایک ساتھ اٹھنے والے جنازوں نے پورے لیاری کو سوگ وار کردیا ہے۔ لیاری کے علاقے جھٹ پٹ مارکیٹ کے قریب بزنجو چوک میں سحری کے وقت اہل علاقہ فٹ بال کے فائنل میچ سے لطف اندوز ہورہے تھے کہ میچ کے اختتام پر اسٹیڈیم دھماکے سے لرز اٹھا اور ہنستا کھیلتا لیاری سوگ میں ڈوب گیا۔

3 بچوں سمیت 7 افراد اپنی جان سے گئے، 27 زخمی بھی ہوئے۔ بتایا جارہا ہے کہ دھماکے کا ٹارگٹ فٹ بال میچ میں شریک افراد اور صوبائی وزیر برائے کچی آبادی جاوید ناگوری تھے۔ لیاری سے پیپلز پارٹی کے منتخب نمائندوں نے واقعے کی بھرپور مذمت کی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق دھماکے میں 5 سے 6 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا، دھماکے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل فیروز آباد سے چوری کی گئی تھی، جس میں نصب بم کو ریموٹ کنٹرول سے اڑایا گیا۔ 3 بچوں سمیت جاں بحق ہونے والے 7 افراد کی نمازہ جنازہ فٹ بال ہاوس میں ادا کی گئی، جس کے بعد میتوں کی میوہ شاہ قبرستان میں تدفین کر دی گئی۔