کراچی سینٹرل جیل، قیدیوں کی رشتے داروں سے آج بھی ملاقات نہ ہو سکی

Karachi Central Jail

Karachi Central Jail

کراچی (جیوڈیسک) سینٹرل جیل میں سیکیورٹی خدشات کے باعث عید کے دن بھی رشتے داروں اور عزیزوں کو اپنے پیاروں سے ملنے نہیں دیا جا رہا ہے۔ کراچی میں واقع سینٹرل جیل میں مبینہ دہشت گردی خدشات کے پیش نظر جیل کے اطراف میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ جیل کی ملحقہ سڑکوں کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے ساتھ ہی رینجرز اہلکار بھی سیکیورٹی پر معمور ہیں۔ آنے جانے والی گاڑیوں کی چیکنگ کی جارہی ہے اور مشکوک افراد کی تلاش لی جا رہی ہے۔ سیکیورٹی خدشات کے باعث عید کے دوسرے روز بھی قیدیوں سے ان کے عزیزوں کو ملنے نہیں دیا جا رہا جس کے باعث ملنے کے لیے آنے والے لوگوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اس حوالے سے ایک شہری محمد آصف نے بتایا کہ انہیں اپنے عزیز سے ملنے نہیں دیاجارہا اور منگل کے روز ملاقات کرنے کو کہا جا رہا ہے جبکہ ایک اور شہری ابرار کا کہنا تھا کہ وہ اپنے عزیز بھائی کے لیے کھا نالے کر آئے ہیں لیکن جیل انتظامیہ انہیں ملنے نہیں دے رہی ہے اور انہیں بلاوجہ تنگ کیا جا رہاہے۔ ایک خاتون کا کہنا تھا کہ پہلے کہا گیا تھاکہ عید کے دن ملاقات ہو گی لیکن اب ملنے نہیں دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جیل انتظامیہ کی جانب سے موثر جو اب نہیں دیا گیا۔