کوئٹہ (جیوڈیسک) ضلع بولان کے علاقے میں تخریب کاری سے متاثرہ ٹاورز کی مرمت کا کام تعطل کا شکار ہوجانے کے باعث چھ روز بعد بھی مکمل نہ ہو سکا، بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے باعث متاثرہ پندرہ اضلاع میں عوام شدید مشکلات کا شکارہیں۔ بولان کی تحصیل مچھ کے قریب پانچ اگست کو دہشت گردوں نے مین ٹرانسمیشن لائن کے چار ٹاورز تباہ کردیئے تھے، جن کی مرمت کا کام اب تک مکمل نہیں ہوسکا، اس صورتحال کے باعث کیسکو کے سسٹم میں بجلی کی قلت برقرار ہے اور اس وقت متاثرہ ٹرانسمیشن لائن سے منسلک متاثرہ15اضلاع متبادل ذرائع سے یومیہ صرف دو دو گھنٹے بجلی فراہم کی جارہی ہے۔
متاثرہ اضلاع میں مستونگ، قلات، خضدار، نوشکی، چاغی، خاران، واشک، آواران، بولان، ژوب، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ہرنائی اور شیرانی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق متاثرہ ٹاورز کی مرمت کا کام سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ایک سے دو روز میں شروع کیا جائے گا۔ بجلی کے بحران سے متاثرہ علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت بھی ہوگئی ہے۔