لاھور کی خبریں 11.08.2013
Posted on August 11, 2013 By Geo Urdu لاہور
گورنر ہائوس کے دروازے عید پر کھل گئے گورنر نے یتیم بچوں میں عید گفٹ کی تقسیم کئے
لاہور (پی پی سی) گورنر ہائوس لاہور میں عید الفطر کے موقع پر گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے یتیم بچوں میں تحائف تقسیم کئے۔ یتیم بچوں میں تحائف تقسیم کرنے کی تقریب دربار ہال گورنر ہائوس میں ہوئی۔ اس موقع پر علما کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ گورنر ہائوس وی آئی پیز کے لئے نہیں بلکہ عام آدمی کے لئے ہے، عید کے موقع پر یتیم بچوں نے یہاں آکر ان کی عزت افزائی کی۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ ان کا مشن بھی یہی ہے کہ ہر ممکن حد تک مستحق افراد کی امداد کی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیر اعظم محمد نواز شریف کا رائیونڈ میں عید الفطر کی نماز کے بعد (ن) لیگی کارکنوں سمیت دیگر سے خطاب
لاہور (پی پی سی) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کی حکومت ورثہ میں ملنے والے دہشت گردی لوڈشیڈنگ امن و امان سمیت دیگر مسائل کو خلوص نیت اللہ تعالیٰ کے فضل اور عوام کی حمایت سے حل کریگی، لوڈشیڈنگ پر قابو پایا جارہا ہے چین کے تعاون اور ملکی وسائل سے نئے پاور پلانٹس کے منصوبے تشکیل دیئے جارہے ہیں دہشت گردی کا قوم کو ساتھ لے کر خاتمہ کرکے پاکستان کو دوبارہ دنیا کا پرامن ترین ملک بنائینگے دہشت گردوں نے عید سے قبل بربریت کا مظاہرہ کرکے عید کو سوگوار بنا دیا’ حکومت کا پختہ عزم ہے کہ دہشت گردوں کو مکمل طور پر ختم کیا جائے گا پاکستان خطہ میں امن کا خواہاں ہے بھارت سمیت تمام ممالک سے خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں ۔ وہ عید کے پہلے روز جاتی امراء رائیونڈ میں عید الفطر کی نماز کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ارکان پارلیمنٹ، کارکنوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں آئے روز دہشت گردی کے واقعات سے دل انتہائی رنجیدہ ہوتا ہے اور حکومت تمام سنگین مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ عوام کو امن و سکون کا ماحول مہیا کرسکیں اور ہمیں یقین ہے کہ جس خلوص اور نیت کے ساتھ ہم ملک اور عوام کی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں بہت جلد ایسے گھمبیر مسائل پر قابو پالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حالات درست کرنے میں وقت لگے گا اور درپیش مسائل ایک رات میں حل ہونے والے نہیں ہیں جب حالات بدلیں گے تو پوری قوم دیکھے گی۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ ہمیں صبر کا دامن نہیں چھوڑنا چاہئے اور پرعزم رہتے ہوئے مسائل کے حل کیلئے خلوص دل سے کوشاں رہنا چاہئے۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ بلوچستان میں گڈانی کے مقام پر بجلی کے 10 پاور پلانٹس لگائے جارہے ہیں جن سے ملک کو 6600 میگا واٹ بجلی حاصل ہو گی اور آئندہ چار سے پانچ سالوں میں بجلی کی موجودہ پیداوار میں 10 ہزار میگا واٹ کا اضافہ ہو جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 60 سالوں میں ملک میں 16 ہزار میگا واٹ بجلی بنائی گئی جبکہ ہم اللہ تعالیٰ کی مدد سے آئندہ 5 سالوں میں 10 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرکے ملک کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں میں لے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ میں پہلے کی نسبت بہت بہتری آئی ہے تاہم اس کو ختم کرنے میں ابھی وقت لگے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بجلی چوری ایک بہت بڑا مسئلہ ہے۔ بجلی چور عام لوگوں تک بجلی نہیں پہنچنے دیتے مگر حکومت بہت جلد اس مسئلہ کو بھی حل کرنے میں کامیاب ہو جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ اگر سابقہ حکومت انرجی مسائل کوبہتر منصوبہ بندی سے حل کرتی تو آج انرجی کا بحران نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اللہ تعالیٰ نے ہمیں 5 سال تک موقع دیا تو ہم بے گھروں کو گھر اور بیروزگاروں کو گھر کی دہلیز پر روزگار کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور ‘پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ‘تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید کے بیٹے انتقال کرگئے
لاہور (پی پی سی) لاہور میں پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید کے 20سالہ نوجوان بیٹے دماغ کی شریان پھٹنے سے انتقال کرگئے،نماز جنازہ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سمیت لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔لاہور کے علاقے علامہ اقبال ٹاؤن میں میاں محمودالرشید کے جواں سالہ بیٹے کی وفات کا سنتے ہی پارٹی کارکن اور دیگر لوگ ان کے گھر پہنچ گئے،چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے محمود الرشید کے گھر جاکر بیٹے کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا،، وزیر صحت پنجاب طاہر خلیل سندھو ، تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری سمیت پارٹی رہنمائوں نے بھی محمود الرشید سے تعزیت کی۔نماز جنازہ میں عمران خان سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مرحوم کو مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے رات کو گھر جا کر جوانسال بیٹے کی وفات پر میاں محمود الرشید سے دلی تعزیت کا اظہار کرکے بیٹے کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔