وفاقی وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی کا انٹر ویو
Posted on August 11, 2013 By Geo Urdu اسلام آباد
اسلام آباد: وفاقی وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایران سے گیس کی درآمد سے قبل قیمت پر نظرثانی کیلئے بات چیت کا فیصلہ کیا ہے ایرانی حکام سے جلد بات چیت کی جائے گی۔ گزشتہ روز اپنے ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ ایران سے گیس کے نرخ کے حوالے سے دوبارہ بات چیت کی جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ معاہدے کے تحت گیس کی قیمت پر نظرثانی کا آپشن موجود ہے، اور یہ قیمت پر نظرثانی کا مناسب وقت ہے، شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ امریکی پابندیوں کے باعث چینی کمپنی منصوبے میں سرمایہ کاری سے گریزاں ہے، جس کے بعد پاکستان، گیس پائپ لائن کی تعمیر کیلئے ایران سے مکمل مالی تعاون کی درخواست پرغور کر رہا ہے۔
جبکہ ایران بھی پچاس کروڑ ڈالر سرمایہ کاری کی پیش کش کر چکا ہے، وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ جنوری دوہزار پندرہ تک ایران سے گیس کی درآمد شروع نہ ہونے پر، یومیہ تیس لاکھ ڈالر جرمانے کے خاتمے سے متعلق بھی وزارت خارجہ سے بات کی ہے، جس پر جلد کوئی فیصلہ متوقع ہے۔