پشاور (جیوڈیسک) وزیر اعلی خیبر پختونخواہ پرویز خان خٹک اور سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد مرحوم کے صاحبزادے آصف لقمان قاضی کے درمیاں نوشہرہ میں ایک اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں آنے والے ضمنی الیکشن کے حوالے سے تفصیل سے گفت وشنید ہوئی۔ دونوں رہنماں نے آنیوالے ضمنی الیکشن میں این اے پانچ پر تحریک انصاف کے امیدوار ڈاکٹر عمران خٹک کو بھرپور طریقے سے کامیاب کرانے کا عزم کیا۔
وزیر اعلی پرویز خان خٹک نے اس موقع پر ذرائع سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف صوبائی حکومت میں اتحادی ہیں، اس لئے دونوں جماعتیں مل کر ضمنی الیکشن میں حصہ لیں گے۔اس موقع پر جماعت اسلامی کے ممبرسینٹرل ایگزیکٹیو آصف لقمان قاضی نے کہا کہ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف میں معاہدہ ہوچکا ہے۔
جس کے تحت جماعت اسلامی تحریک انصاف کے امیدواروں کو سپورٹ کریگی۔اس موقع پر آصف لقمان قاضی کا کہنا ہے کہ میں شکریہ ادا کرتا ہوں پرویز خان خٹک یہاں تشریف لائے، ہمارے درمیان معاہد ہ پاگیا ہے، جس کے تحت این اے پانچ پر تحریک انصاف کے امیدوار کو سپورٹ کریں گے۔ عوام نے جو مینڈیٹ دیا ہے۔ ان کو موقع ملنا چاہئے، اور اس میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہئے۔