کوئٹہ میں ایف سی کی کارروائی، 8 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

Quetta

Quetta

کوئٹہ (جیوڈیسک) ایف سی کوئٹہ کے کمانڈنٹ کرنل مقبول شاہ نے کہا ہے کہ یوم آزادی پر دہشت گردی کا منصوبہ بنانے والے 8 افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا، دہشت گرد اگر ایک کارروائی کرتے ہیں تو ہم ان کی 10 سے 15 کارروائیوں کو ناکام بھی بنا دیتے ہیں، کوئٹہ میں امن کیلئے جانوں کا نذرانہ دیا ہے اور آئندہ بھی دیتے رہیں گے۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں ذرائع سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ کرنل مقبول شاہ نے کہا کہ مغربی بائی پاس کے پہاڑوں سے گرفتار کئے 8 افراد یوم آزادی پر تحریب کاری کرنا چاہتے تھے اور ان افراد نے شہر پر راکٹ فائر کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔

کرنل مقبول شاہ نے بتایا کہ ایک اور کارروائی میں ایف سی نے مشرقی بائی پاس پر کھڑی ایک مشکوک گاڑی اور اس سے ملحقہ مکان کی تلاشی لی تو وہاں سے ایک راکٹ، ایک ایل ایم جی، ایک ایس ایم جی، ایک ری پیٹر اور اسلحہ کے ہزاروں راونڈ برآمد کرلئے۔ ایک سوال کے جواب میں کرنل مقبول شاہ نے بتایا کہ علمدار روڈ، ہزارہ ٹاون، آئی جی پولیس کی رہائش گاہ دھماکے سمیت شہر میں ہونے والے بڑے دھماکوں میں ساڑے 3 ٹن دھماکا خیز مواد استعمال ہوا جبکہ ایف سی نے جنوری سے اب تک 60 ٹن بارود پکڑا ہے۔