اسلام آباد: بارہ کہو خودکش حملہ آور سے متعلق تحقیقات جاری

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو میں مارے جانے والے خود کش حملہ آور سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔ اس ضمن میں تحقیقاتی اداروں نے کچھ نئے انکشافات کیے ہیں۔

اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو میں مارے جانے والے خودکش حملہ آور سے متعلق تحقیقاتی کمیٹی نے کچھ نئے انکشافات کیے ہیں۔ تحقیقاتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور نجی گاڑی کے ذریعے تھانہ ترنول، گولڑہ، مارگلہ اور آبپارہ کے ناکے عبور کرکے جائے وقوعہ تک پہنچا۔

تحقیقاتی ٹیم نے ناکوں پر تعینات پولیس اہلکاروں سے بھی پوچھ گچھ کی ہے۔ اس سے قبل خودکش بمبار کے حوالے سے اہم معلومات سامنے آئی تھیں۔ پولیس کے مطابق ہفتے کو ذکا اللہ کے بھائیوں کے ساتھ حراست میں لئے گئے دو ملزمان نواز اور اعجاز کیمیکل فیکٹری میں کام کرتے تھے اور بم بنانے کے ماہر تھے۔ بارہ کہو مسجد میں حملے کے لئے بم بھی نواز اوراعجاز نے تیار کیا تھا۔

حساس اداروں نے گزشتہ روز کارروائی کرتے ہوئے خود کش حملہ آور ذکا اللہ کے والد نبی بخش تین بھائیوں امان اللہ، احسان اللہ اور ثنااللہ سمیت علاقہ کے رہائشیوں نواز اور اعجاز کو بھی گرفتار کیا تھا۔ ذکا اللہ کے اہم ساتھی کی گرفتاری کے لیے ٹیم فیصل آباد روانہ ہوگئی ہے۔