لاہور کی خبریں 12.08.2013

پیپلز پارٹی لاہور کا بلوچستان میں معصوم عوام اور پولیس کے درجنوں افراد کی شہادت پر شدید ردعمل
لاہور ( پی پی سی) پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے بلوچستان میں معصوم عوام اور پولیس کے درجنوں افراد کی شہادت پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں نفسا نفسی کا عا لم ہے اور حکومت کہیں نظر نہیں آ رہی عوام کہاں جائیں اور کیا کریں؟ انہوں نے کہا کہ لاقانو نیت اور دہشت گردی عام ہو گئی ہے، ہرروز درجنوںافرادقتل ہو رہے ہیں، پولیس خود اپنی حفاظت بھی نہیں کر سکتی،بلوچستان میں قتل عام جاری ہے، کوئی صحیح فیصلہ کر نے کی صلاحیت نہیں رکھتا، جبکہ نیشنل سیکورٹی کونسل کے بغیرموثر سیکیو رٹی پلاننگ ممکن نہیںاور حکومت سیکیورٹی کونسل کے قیام سے گریزاں نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی حفاظت کے لئے سنجیدہ اقدامات کرے ورنہ ملک بھر میں دہشت گردی کی وبا پھیل جائیگی اور یہ عفریت کسی کے قابو میں نہ آسکے گی۔مسلم لیگ ن کی حکومت مسائل پر قابو پانے میں ناکام نظر آ رہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ملک میں دہشت گردی ‘بجلی کی لوڈشیڈ نگ ‘مہنگائی اور بے روزگاری میں خطر ناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے
لاہور(پی پی سی) پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی ‘بجلی کی لوڈشیڈ نگ ‘مہنگائی اور بے روزگاری میں خطر ناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے اور حکمران عوام کو صرف تسلیاں دینے میں مصروف ہیں، مسلم لیگ ن کو اپنی پا لیسوں کی وجہ سے کسی سیاسی دشمن کی ضرورت نہیں ‘مسلم لیگ ن کی قیادت کے تجر بے نے ملک کو دہشت گردی ‘بجلی کی لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور بے رو زگاری کے سواکچھ نہیں دیا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اقتدار میں آنے سے پہلے قوم سے بہت بڑے بڑے وعدے کئے مگر جب سے اقتدار میں آئے ہیں کسی ایک وعدے پر بھی عمل نہیں ہو سکا انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکو مت کی 2ماہ کی کا رکردگی ہی اسکی تباہی کیلئے کافی ہے ان کو کسی سیاسی دشمن کی ضرورت نہیں اور آج قوم بھی حکمرانوں سے تنگ آچکے ہیں اور وہ ان سے نجات کیلئے دعائیں مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی محکموں کی بحالی کے نام پر کرپشن کے بازار سجا دیئے گئے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سعدیہ سہیل راناکی سرگودھا میں خاتون کے ساتھ مبینہ واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت
لاہور(پی پی سی) پاکستان تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانانے سرگودھا میں خاتون کے ساتھ مبینہ واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبہ میں ایسے واقعات کی روک تھام میں ناکام رہی ہے اس کے سارے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن زبانی جمع خرچ سے کام لیتی ہے جبکہ عملی طور پر کچھ نہیں کرتی انہوں نے کہا شہباز شریف گڈ گورننس کا راگ الاپتے نہیں تھکتے اور دوسری طرف ان کے دور حکومت میں سات سال تک خاتون کے ساتھ زیادتی کرنا پنجاب حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے پنجاب حکومت اس واقعہ کا سختی سے نوٹس لے اور اس واقعہ میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ اس نوعیت کے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مہنگا ترین ہونے کے پیش نظر بجلی کے نرخوں میں بے تحاشا اضافہ کا فیصلہ واپس لیا جائے،چیئرمین ملک طاہر جاوید
لاہور(پی پی سی)پیاف نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ بجلی کے انڈسٹریل اور کمرشل نرخوں میں حالیہ بڑے اضافوں سے اندرون ملک مصنوعات کی قیمتوں میں توازن برقرار نہیں رہے گا ـبجلی کے نرخوں میں حالیہ اضافوں کی واپسی کا مطالبہ کرتے ہوئے پیاف کے چیئرمین ملک طاہر جاوید نے وفاقی وزیر برائے پانی اور بجلی پر زور دیا ہے کہ تیزی سے بڑھتے ہوئے افراط زر اور کاروبار کرنا مہنگا ترین ہونے کے پیش نظر بجلی کے نرخوں میں بے تحاشا اضافہ کا فیصلہ واپس لیا جائےـ پیاف کے چیئرمین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو اچھی طرح معلوم ہے کہ توانائی کے بحران اور دیگر اندرونی و بیرونی چیلینجوں کی وجہ سے گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ملک میں کاروباری سرگرمیاں منجمد رہی ہیں ـموجودہ حکومت کے بزنس دوست رویوں کی وجہ سے کاروباری سرگرمیوں کا آغاز ہواـ بہتری کے امکانات پیدا ہوئے لیکن بجلی کے نرخوں میں یک لخت بے مثال اضافوں سے مینوفیکچرنگ سیکٹر میں ایک بار مایوسی پیدا ہو گئی ہے ـ انہوں نے کہا ہے کہ ملک کے جن حصوں میں گیس میسر ہے اور اس سے بجلی حاصل کی جا رہی ہے وہاں لا محالہ صنعتوں کی پیداوار ی لاگت پنجاب کی نسبت کم ہے کیونکہ پنجاب میں گیس کی شدید قلت کے علاوہ بجلی کے نرخ بھی زیاد ہ ہیںـ اس طرح پیاف کے چیئرمین نے کہا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں بجلی کی قیمتوں کا غیر متوازن سٹرکچر صنعت کی بندش کا باعث بنے گاـ ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ پیاف نے گیس اور بجلی چوری کے خلاف کریک ڈائون کو قابل ستائش قرار دیا ہے کیونکہ اس کے نزدیک گیس اور بجلی کی قلت پیدا کرنے میں چوری کا بڑا دخل ہےـ اس لیے پیاف کے چیئرمین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس اور بجلی چوروں کو سخت سزائیں دی جائیں تاکہ آئیندہ ملک کو نقصان پہنچانے والوں کو عبرت حاصل ہو جائےـ پیاف کے چیئرمین نے کہا ہے کہ نجی شعبہ کو مضبوط بنانے اور کاروباری سرگرمیاں بڑھانے والے تمام اقدامات کی بھرپور حمایت کی جائے گی تاہم صنعتکاری اور کاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹ پیدا کرنے والے فیصلوں کی واپسی پر زور دیا جائے گاـ پیاف کے چیئرمین نے کہا ہے کہ ملک کے اقتصادی مستقبل کو محفوظ بنانے کے پیش نظر کاروباری طبقہ بالخصوص پنجاب کی بزنس کمیونٹی نے میاں محمد نواز شریف کو اقتدار میں لانے کے لیے بھرپور جد و جہد کی ہے ـ انہوں نے کہا ہے کہ کاروبار دشمن اقدامات سے حکومت اور کاروباری طبقہ کے مابین دوستانہ ماحول خراب ہوگا اس لیے ایسے اقدامات سے اجتناب برتا جائے ـپیاف کے چیئرمین نے کہا ہے کہ بجلی کے نرخوں میں موجودہ اضافوں سے برآمدی صنعتوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے کیونکہ برآمد کنندگان نے برآمد ی آرڈر بجلی کے سابقہ نرخوں کے مطابق بک کر رکھے ہیں لیکن آرڈرز کی تعمیل پر بجلی کے بل موجودہ اضافوں کے مطابق ادا کرنا پڑیں گے جس سے انہیں بے تحاشا نقصان پہنچے گا اور آئیندہ مزید آرڈرز کی تعمیل و تکمیل ان کے لیے مشکل بن جائے ـ اس کی بجائے پیاف کے چیئرمین نے کہا کہ اگر حکومت بجلی کے نرخوں میں مرحلہ وار اضافے کرتی تو صنعت کے لیے زیادہ مشکلات پیدا نہ ہوتین ـ پیاف کے چیئرمین نے کہا ہے کہ تھرمل ذرائع سے مہنگی ترین بجلی سے چھٹکا را حاصل کرنے کے لیے حکومت کو ہائیڈل ذرائع پر انحصار بڑھانا ہوگا اس سلسلے میں پیاف کے چیئرمین نے وزیر اعظم پاکستان میاںمحمد نواز شریف پر زور دیا ہے کہ پارلیمنٹ سے منظوری کے ذریعے کا لا باغ ڈیم پر جلد از جلد کام شروع کرائیں کیونکہ اس ڈیم کے مخالف عناصر کو عوام نے مسترد کردیا ہےـ انہوں نے کہا کہ دیگر ہائیڈل منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے سے کچھ حد تک بجلی کی کمی پوری کرنے میں ضرور مدد ملے گی تاہم کالا باغ ڈیم ایسا بڑا پراجیکٹ ہے کہ جس کی تکمیل سے بجلی کی ضرورت پوری ہوگیـ زرعی مقاصد کے لیے پانی مہیا ہوگا اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے بھی محفوظ ہو جائیں گےـ اس سلسلے میں پیاف کے چیئرمین نے کہا کہ ملک کا کاروباری طبقہ ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے تیار ہے کیونکہ اسے موجودہ حکومت سے بہت سی توقعات ہیںـ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان میں مہنگی ترین بجلی برآمدات میں کمی کا باعث بنے گی،نصراللہ مغل
لاہور(پی پی سی)چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن نصراللہ مغل نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیاء میں نئی انرجی پالیسی کے باعث صنعتی مقاصد کیلئے بجلی کی قیمتوں میں بے لگام اضافہ کے باعث پاکستان خطہ میں مہنگی ترین بجلی فراہم کرنے والا ملک بن گیا ہے۔ پاکستان کی نسبت بھارت میں بجلی 100فیصد سستی جبکہ بنگلہ
دیش میں بجلی 300فیصد سستی فراہم ہورہی ہے، مہنگی بجلی کے باعث پاکستان میں بننے والی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ سے بیرون ملک پاکستانی مصنوعات کی مانگ میں کمی واقع ہورہی ہے پاکستان میں مہنگی ترین بجلی برآمدات میں کمی کا باعث بنے گی جس کی وجہ سے حکومت کے ریونیو میں بہت زیادہ کمی واقع ہوگی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹائون شپ انڈسٹریل اسٹیٹ ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔نصر اللہ مغل نے کہا کہ کمرشل مقاصد کیلئے فی یونٹ6روپے اضافہ کے علاوہ بجلی بلوں میں ودھ ہولڈنگ ٹیکس، انکم ٹیکس اور دوسرے ٹیکسوں کے باعث پیداواری لاگت بڑھے گی، مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ سے مہنگائی بڑھے گی اور عوام کی قوت خرید میں کمی واقع ہوگی ،انہوں نے کہا کہ بجلی مہنگی کرنا مسائل کا حل نہیں سستی بجلی کے لیے حکومت پن بجلی کی طرف توجہ دے 60ہزا رمیگا واٹ بجلی پانی سے حاصل کی جاسکتی ہے جوصرف2روپے یونٹ پڑے گی اس لیئے حکومت مہنگی بجلی بنانے پر انحصا ر کم کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ ن عوامی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے: الحاج شیخ روحیل اصغر
لاہور (پی پی سی) پیپلز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر محمد یونس بٹ، و جنرل سیکرٹری و میڈیا کوآرڈینیٹر الحاج شیخ روحیل اصغر این اے 124 محمد مشتاق کے گھر عید ملن پارٹی کے موقع پر شیخ الحاج روحیل اصغر اور چیئرمین خرم روحیل اصغر نے کہا کہ مسلم لیگ ن عوامی مسائل کے حل کیلئے ہر وقت کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کو دہشتگردی، مہنگائی سمیت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے ۔ تاہم وزیراعظم میاں نواز شریف ان مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں تاکہ ملک کا مستقبل سنوارا جا سکے۔ عید ملن پارٹی کے موقع پر سیکرٹری نشرواشاعت محمد عمران، عاطف غفار، عابد غفار، مٹھو جٹ، مہر شہباز، بلال بٹ، احسن عارف ٹیپو ودیگر کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ الحاج شیخ روحیل اصغر و چیئرمین پیپلز ویلفیئر ایسوسی ایشن خرم روحیل اصغر نے کہا کہ عوام ہی میرا سرمایہ ہیں اور انہی کی بدولت سے مجھے کامیابی ملی ہے اور ان کیلئے ہمارے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔