سپریم کورٹ کا لاہور رجسٹری کے باہر پانی جمع ہونے کا ازخود نوٹس

SC Notice Water Rain

SC Notice Water Rain

لاہور (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے لاہور رجسٹری اور عدالتوں کے باہر بارش کا پانی عدالت کے باہر جمع ہونے اور نکاسی آب کا انتظام نہ کرنے پر ازخود نوٹس لے لیا۔ سپریم کورٹ کے حکم پر سیکریٹری ہاوسنگ اور ایم ڈی واسا عدالت کے روبرو پیش ہوئے ،جسٹس تصدق جیلانی اور جسٹس شیخ عظمت سعید پر مشتمل بنچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری اور عدالتوں کے باہر نکاسی آب کا بہتر انتظام نہ ہونے کا سخت نوٹس لیا، جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیے کہ عدالتوں کے باہر پانی جمع ہونے سے ججوں اور سائلوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ایم ڈی واسا نے عدالت میں بتایا کہ نکاسی آب کا فوری انتظام کیا جاتا ہے، سسٹم کو مزید بہتر بنانے کیلئے بھی اقدامات کیے جا سکتے ہیں جس کیلئے حکومت کی جانب سے فنڈز درکار ہیں، سیکریٹری ہاوسنگ نے مہلت دینے کی استدعا کی، عدالت نے نکاسی آب کیلئے نالوں کی صفائی کر کے پندرہ اگست کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔