پاکستان (جیوڈیسک) سرحدوں پر کشیدگی کے باعث پاکستان نے بھارتی دارالحکومت نئی دلی میں سفارتی عملہ کم کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے سفارتی ذرائع کے حوالے سے دعوی کیا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے عملے کو فول پروف سکیورٹی نہ دینے پر سفارتی عملہ کم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ پاکستانی ہائی کمیشن اور سفارتی عملے کی رہائش گاہ کے قریب مشتبہ افراد کی نقل و حرکت دیکھی جا رہی ہے۔
اسلام آباد میں حکومتی ذرائع نے بھی تصدیق کی ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کو سفارتی عملہ کم کرنے کے لئے پاکستانی ہائی کمیشن کی درخواست موصول ہو چکی ہے۔ صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے وزیراعظم قومی سلامتی کے ادارے، فوج اور کابینہ کی ڈیفنس کمیٹی کا اجلاس جلد طلب کریں گے۔
حکومت پاکستان نے بھارت سے نئی دلی اور ممبئی میں قومی ایئرلائن پی آئی اے کے دفاتر کی سیکورٹی بڑھانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ شیو سینا کی دھمکیوں کے بعد کیا گیا۔ اخبار نے فوجی ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ پاکستان اپنی مغربی سرحدوں سے فوج کی مشرقی سرحد پر تعیناتی پر غور کر رہا ہے۔