سندھ حکومت نے نئے بلدیاتی نظام کا مسودہ تیار کر لیا

Qaim Ali Shah

Qaim Ali Shah

کراچی (جیوڈیسک) سندھ حکومت نے نئے بلدیاتی نظام کا مسودہ تیار کر لیا ہے۔ جس پرتمام سیاسی جماعتوں سے تجاویز لی جائیں گی۔ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہوں گے۔ وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی صدارت میں سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا۔ جس میں بلدیاتی نظام کے قانون کی تیاری کے متعلق قائم کمیٹی نے لوکل گورنمنٹ بل 2013 کا مسودہ پیش کیا۔ ذرائع کے مطابق مسودے میں کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن اور حیدرآباد، میرپور خاص، سکھر اور لاڑکانہ میں ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز کی تجویز دی گئی ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزرا پر مشتمل کمیٹی سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں کرے گی اور بلدیاتی نظام پر تجاویز لے گی۔ بلدیاتی نظام کے قانون کا مسودہ سندھ حکومت کی ویب سائٹ پر بھی جاری کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق نئے بلدیاتی نظام کے قانون کا بل 19 اگست کو سندھ اسمبلی میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ کابینہ کے اجلاس میں سندھ اسمبلی اور سیکریٹریٹ کی سیکورٹی کو سخت کرنے اور پارکنگ فری کرنے کی تجویز بھی دی گئی۔

جبکہ صوبے میں کچی شراب، مین پوری، گٹکا اور منشیات کے خلاف محکمہ ایکسائز، رینجرز اور پولیس کی جانب سے مشترکا کارروائی کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں سرکلر ریلوے کے سلسلے میں ٹیکس میں چھوٹ، زمین کی فراہمی اور مشینری کی درآمد پر ٹیکس میں رعایتوں کی منظوری بھی دی گئی۔