لاہور (جیوڈیسک) پنجاب اسمبلی میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ اور کوئٹہ میں ڈی آئی جی سمیت پولیس ملازمین کی شہادت کے خلاف دو قراردادیں متفقہ طور پر منظور کر لی گئیں۔ ارکان نے نئے بلدیاتی نظام پر عام بحث میں بھی حصہ لیا ۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس پونے دو گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا۔ وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کوئٹہ میں دہشت گردی اور اور کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ کیخلاف دو قرادادیں پیش کیں جنہیں متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔
اجلاس میں نئے بلدیاتی نظام پر عام بحث بھی جاری رہی اراکین نے نمائندوں کو زیادہ سے زیادہ اختیارات دینے کا مطالبہ کیا۔ مقررین میں صدیق خان، فائزہ ملک، ظہیرالدین، احمد شاہ کھگہ، میاں رفیق،شہاب الدین عارف عباسی اور وحید گل شامل تھے۔ اجلاس کے دوسرے روز بھی بلدیاتی نظام پر بحث ہوگی جبکہ 15 اگست کو نیا بلدیاتی بل ایوان میں پیش کئے جانے کا پروگرام ہے۔ سپیکر نے اجلاس منگل صبح دس بجے تک ملتوی کر دیا۔