لاہور (جیوڈیسک) بجلی کا بحران کم ہونے کا نام نہیں لے رہا، لاہور میں تو لوڈشیڈنگ کا قدرے ریلیف ہے تاہم چھوٹے شہروں میں جوحال پہلے تھا سو اب بھی ہے۔ بجلی کی 18 گھنٹے بندش ان شہروں کا گویا مقدربن گئی ہے ، صنعتی سیکٹر بھی بدستور لوڈشیڈنگ کی زد میں ہے ۔ حکومتی اعلانات کے برعکس پنجاب کے چھوٹے شہروں میں غیر اعلانی لوڈشیڈنگ کا بدترین سلسلہ جاری ہے۔ ان شہروں میں اکثر لوگوں کے پاس یوپی ایس ہے نہ جنریٹر۔ ان لوگوں کا دن گرمی اور حبس میں گزرتا ہے جبکہ رات کو پنکھے بند ہونے کے باعث مچھر سونے نہیں دیتا۔
دوسری جانب صنعتی صارفین کا حال بھی ابتر ہے۔ صنعتوں کو 10 سے 12 گھنٹے مسلسل لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے، ایک طرف بے روز گاری اور دوسری طرف پیداواری لاگت میں اضافہ صنعتکاروں کے لیے دردِ سر بن گیا ہے۔ بجلی کا حالیہ بحران عام شہریوں اور قومی معیشت کے لئے روگ بنا ہو اہے، صارفین اس دن کے انتظار میں ہیں جب لوڈشیڈنگ کے اندھیر ے مکمل طورپر چھٹ جائیں گے۔