اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد اور گردونواح میں طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش سے متعدد شاہراوں پر درخت گرنے سے ٹریفک جام جبکہ بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ جڑواں شہروں میں رات گئے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش سے اسلام آباد کے آئی ایٹ تھری، جی سکس ٹو، اور جی ٹین ٹو میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا ہے۔ لوگ اپنی مدد آپ کے تحت بارش کا پانی نکال رہے ہیں جبکہ انتظامیہ میں سے کو ئی بھی تاحال لوگوں کی مدد کے لئے نہیں پہنچا ہے۔
بارش اور طوفان کے بعد مارگلہ روڈ، ایمبیسی روڈ سمیت متعدد شاہراوں پر درخت گرنے سے ٹریفک جام ہو گئی جبکہ دفاتر جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اسلام آباد میں لال مسجد کے اطراف بھی چار سے پانچ فٹ پانی بھر جانے سے متعدد گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں۔
فلڈ کنٹرول یونٹ کا کہنا ہے کہ نالہ لئی میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح پندرہ اعشاریہ نو فٹ ہے جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح آٹھ اعشاریہ سات فٹ ہے۔ بارش کے باعث اسلام آباد ائیر پورٹ پر فلائیٹس کاشیڈول بھی متاثر ہوا ہے۔