قصور (جیوڈیسک) قصور میں پاک بھارت سرحد کے ساتھ دریا ئے ستلج میں بھارت سے چھوڑے گئے پانی کے باعث گنڈا پور کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے ستلج میںگنڈا سنگھ والا پر نچلے درجہ کا سیلاب ہے، یہاں پانی کا بہاو 55 ہزار کیوسک رکارڈ کیا جا رہا ہے۔ گنڈا سنگھ والا پر پانی کی سطح 19 فٹ رکارڈ کی گئی، جس کے باعث قریبی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سیلاب کے باعث ڈاون اسٹریم ستلج کے علاقوں کوٹھی فتح محمد، باقر کے، کنگن پور، ہیڈ سلیما نکی پاک پتن اور بہاولپور کے علا قوں میں سیکڑوں چھوٹے بڑے علاقوں میں کھڑی فصلیں متا ثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ادھر ڈی جی خان کے پہاڑی علاقوں میں بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے۔ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1544 فٹ ہے جو انتہائی سطح سے 6 فٹ نیچے ہے۔ تربیلا میں پانی کی آمد 3 لاکھ8 ہزار 100 اور اخراج 2 لاکھ 78 ہزار800 کیوسک ہے۔ ڈیم میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ 62 لاکھ38 ہزار ایکڑ فٹ ریکارڈ کیا گیا۔ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1216.75 فٹ، ڈیم میں مزید 26 فٹ پانی بھرنے کی گنجائش ہے۔ منگلا میں پانی کی آمد 29 ہزار 52 اور اخراج 15ہزار کیوسک ہے۔ ڈیم میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ 54 لاکھ 90 ہزار ایکڑ فٹ رکارڈ کیا گیا۔ دونوں ڈیموں میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ ایک کروڑ 17 لاکھ 28 ہزار فٹ ہے۔