پی آئی اے نے کاشغر کی پروازوں کی انتظامات مکمل کر لئے

PIA

PIA

پی آئی اے نے چین کے شہر کاشغر کیلئے ریان ائر کے تعاون سے پروازیں چلانے کے انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ اس سلسلے کی پہلی پرواز PK1855 پاکستان کی آزادی کے دن 14 اگست کو اسلام آباد سے روانہ ہوگی یہ پرواز ہر بدھ کو ائربس A-310 طیارے کے ذریعے آپریٹ کی جائے گی جس میں 223 مسافروں کے علاوہ 15 ٹن کارگو کی بھی گنجائش ہے۔

مینیجنگ ڈائریکٹرپی آئی اے محمد جنید یونس نے اے آروائی نیوزکو بتایا کہ ان پروازوں کا آغازوزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی جانب سے چین کے ساتھ با ہمی اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کی ایک کڑی ہے۔ ان پروازوں کے آغاز سے نہ صرف پی آئی اے کے ریونیو میں اضافہ ہو گا۔

بلکہ کاروباری لوگوں کیلئے پاکستان اور چین میں کاروبار کے مزید مواقع بھی میسر آئیں گے۔ مینیجنگ ڈائریکٹر پی آئی اے محمد جنید یونس نے کہا ہے کہ پی آئی اے اپنے ریونیو میں اضا فے کیلے ہرممکن کوشش کررہی ہے اور غیر ضروری اخراجات میں خاطر خواہ کمی کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ درمیانی گنجائش والے طیاروں کی فضائی بیڑے میں شمولیت کے بعد پی آئی اے نئی پروازیں شروع کرنے کے علاوہ منافع بخش روٹس پر اپنی پروازوں کی تعداد میں اضافہ بھی کرے گی۔ پی آئی اے پہلے ہی چین کے شہربیجنگ کیلئے جمعرات اور اتوار کے دن ہفتہ واردو پروازیں چلارہی ہے۔