بم کی اطلاع پر شالیمار ایکسپریس کو روہڑی اسٹیشن پر روک لیا

لاہور: لاہور سے کراچی جانیوالی شالیمار ایکسپریس میں ایک بار پھر بم کی اطلاع پر گاڑی کو گھوٹکی اور روہڑی ریلوے اسٹیشن پر روک لیا گیا ،سخت چیکنگ کے بعد گاڑی کو کلیئر قرار دے دیا گیا،ملک میں جاری دہشتگردی کی لہر نے ریلوے کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے،سکھر ڈویژن پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس میں بم نصب کیا گیا ہے۔

جس پر ایس پی ریلوے عتیق احمد کی سربراہی میں پولیس کی بھاری نفری نے گھوٹکی ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کو روک کر اسکی چیکنگ کی ،اسکے بعد دوبارہ روہڑی ریلوے اسٹیشن پر بھی رینجرز اور پولیس مشترکہ ٹرین کی تلاشی لی، چیکنگ میں سکھر سے بم ڈسپوزل عملے کی بڑی تعداد نے بھی حصہ لیا، ایس پی ریلوے مطابق ریلوے پولیس دہشتگردی کے پیش نظر سخت اقدامات کر رہی ہے ،لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس کو روہڑی میں چیک کرنے کے بعد کلئیر قرار دیکر کراچی روانہ کر دیا گیا۔