موجودہ قومی اسمبلی کا یہ چوتھا اجلاس آج ہوگا جو دو ہفتے جاری رہنے کی توقع ہے۔ قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں کنٹرول لائن پر کشیدگی اور ملک میں امن و امان کی صورت حال زیر بحث لائی جائے گی۔بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کے واقعات کے تناظر میں قومی اسمبلی کا اہم اجلاس اسپیکر سردار صادق کی زیر صدارت آج شام پانچ بجے ہوگا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں کنٹرول لائن پر کشیدہ صورت حال پر بحث کی جائے گی۔ اجلاس کے دوران اپوزیشن حکومت کی طرف سے بجلی کی قیمتوں میں اضافے، دہشتگردی کے واقعات اور لائن آف کنٹرول پر پاکستان اور بھارت کی فوجوں کے درمیان کشیدگی سے پیدا ہونے والی صورتحال پر بھرپور آواز اٹھائی جائے گی۔
بجلی کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف ایوان سے واک آٹ بھی کیا جائے گا۔ اجلاس سے قبل حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کی پارلیمانی پارٹیوں کے اجلاس بھی ہوں گے۔ جن میں اجلاس سے متعلق حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ کنٹرول لائن پر کشیدگی اور ملک میں امن و امان کی موجودہ صورت حال کے تناظر میں اس اجلاس کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔