لاہور کی خبریں 13.08.2013
Posted on August 13, 2013 By Geo Urdu لاہور
شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب میں غیر ملکیوں کی حفاظت کیلئے الگ ٹاسک فورس بنانے کا فیصلہ
لاہور(پی پی سی)وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے،امن و امان کی صورتحال بہتر بنانا ہماری ترجیح ہے۔لاہور میں وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس ہوا۔اجلاس کے دوران صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور جشن آزادی پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں پنجاب میں غیر ملکیوں کی حفاظت کیلئے علیحدہ ٹاسک فورس بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلی شہباز شریف نے کہا کہ غیر ملکیوں کی حفاظت کیلئے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم منصوبہ بندی کی جائے ۔وزیر اعلی نے کہا کہ یوم آزادی پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔ون ویلنگ کی پابندی پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور سڑکوں پر ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔شہباز شریف نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے حوالے سے کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
امریکہ اور یورپی ممالک نے مسلمانوں پر صلیبی جنگ مسلط کررکھی ہے’ڈاکٹر سید وسیم اختر
لاہور(پی پی سی)ممبر صوبائی اسمبلی و پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ باطل قو توں سے نبردآزما ہونے کے لئے قوم کو ایک ساتھ چلنا ہوگا۔امریکہ اور یورپی ممالک نے چاروں طرف سے مسلمانوں پر صلیبی جنگ مسلط کررکھی ہے ۔ہمیں اسلامی انقلاب کی جد و جہد تیز کرنے کی ضرورت ہے ۔قوم اس وقت شدید اضطراب میں مبتلا ہے لوگوں کو مایوسی سے نکالنا اور اللہ سے کیا ہوا عہد یاد دلانا ہوگا۔ ا قوام متحدہ کا کردار امریکہ کی لونڈی کا ہوکر رہ گیا قرآن پاک کی تعلیمات پر عمل کر کے ہی ہم دنیا و آخرت میں فلاح حاصل کر سکتے ہیں۔ قرآن پاک انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے۔انہو ں نے کہا کہ کفار کی سازشوںکے خلاف امت مسلمہ اپنا حقیقی کردار ادا کرتے ہوئے سخت رد عمل کا اظہار کرے۔ حب الوطنی کا ثبوت دیتے ہوئے پاکستانی حکمران امریکی کاسہ لیسی چھوڑ کر برابری کی سطح پر تعلقات استوار کریں اور قیام پاکستان کا مقصد حاصل کریں ۔ایٹمی اسلامی جمہوریہ پاکستان کا وجود عالم اسلام کے لئے باعث رحمت ہے۔ جب تک پاکستان کے حکمران اپنا قبلہ درست نہیں کرتے ملک میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔جماعت اسلامی کے رہنما نے کہا ہے کہ عالمی امن کے ٹھیکیدار صرف مسلمانوں کے خلاف جنگ کر رہے ہیں ۔امریکی حکمرانوں کو کسی بھی مسلم ملک کے عوام کے ساتھ کسی قسم کی کوئی ہمدردی نہیں ہے۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ ملکی معیشت دن بدن خراب سے خراب تر ہوتی جا رہی ہے۔ کئی کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔مہنگائی میں تین سو گنا سے زیادہ اضافہ ہوچکا ہے۔ قوم پر قرضوں کا بوجھ کئی گنا بڑھ گیا ہے مگر حکمران خواب خرگوش میں مصروف ہیں۔ ملک اس وقت مشکل ترین حالات سے گزررہا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
طالبہ کا اعزاز
لاہور(پی پی سی)افراح ادریس نے 16سال کی عمر میں یونیورسٹی آف کیمبرج انٹرنیشنل کے Aلیول کے امتحانات میں میتھس، فزکس اور کیمسٹری کے مضامین میں Aگریڈلیکر پوری دنیا میں ملک اور والدین کا نام روشن کردیا۔