سریلی آواز، حسین چہرہ، نازیہ حسن 13 سال بعد بھی نہ بھولی

Nazia Hassan

Nazia Hassan

لاہور (جیوڈیسک) پاپ گلوکاری میں عالمی سطح پر تہلکہ مچا دینے والی خوبصورت آواز کی مالک پاکستانی گلوکارہ نازیہ حسن کی آج تیرہویں برسی منائی جا رہی ہے، نازیہ حسن کی سریلی آواز آج بھی انہیں مداحوں کی یادوں میں زندہ رکھے ہوئے ہے۔ حسن، دلکشی، فن، دولت اور شہرت کا مجسم پیکر نازیہ حسن کا طوطی نہ صرف پاکستان بلکہ برصغیر کے ہر حصے میں بولتا تھا۔

انیس سو پینسٹھ میں پیدا ہونے والی نازیہ حسن نے پندرہ سال کی عمر میں اپنے کیرئیر کا آغاز کیا اور بھارتی فلم قربانی کے گانے آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے نے انہیں راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔

اپنے مختصر سے کیرئیر میں نازیہ حسن کے پانچ میوزک البم مارکیٹ میں آئے اور پانچوں نے بھرپور کامیابیاں سمیٹیں، نازیہ اور ان کے بھائی زوہیب کی جوڑی نے اس دور میں دنیائے موسیقی میں تہلکہ مچا دیا۔اس جوڑی کی مقبولیت کا یہ عالم تھا کہ ان کے میوزک البم نے پاک و ہند کے نامور گلوکاروں کی موجودگی میں تمام ریکارڈ توڑ ڈالے تھے۔