قاہرہ (جیوڈیسک) مصری صدر عدلی منصور نے آج نئے گورنرز سے حلف لیا، دوسری جانب قاہرہ میں مرسی کے حامیوں اور پولیس کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔ مصری صدر عدلی منصور نے اٹھارہ نئے گورنروں سے حلف لیا، نئے گورنرز میں مرسی دور حکومت کے سات گورنرز بھی شامل ہیں۔
حلف برداری کی تقریب میں فوجی سربراہ عبد الفتح السیسی بھی موجود تھے۔ دوسری جانب قاہرہ میں معزول صدر مرسی کے حامیوں اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس اور لاٹھی چارج کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔