خلاف ضابطہ ترقی ، سندھ پولیس کے 12 افسروں کی تنزلی

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی سندھ حکومت نے سپریم کورٹ کے احکامات پر خلاف ضابطہ ترقیاں پانے والے مزید 12 پولیس افسروں کی تنزلی کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ ان میں چودھری اسلم اور راجہ عمر خطاب بھی شامل ہیں۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق خلاف ضابطہ ترقیاں پانے والے 12 مزید افسروں کو انکے اصل عہدوں پر بھیج دیا گیا ہے۔ تنزلی پانے والے افسروں میں ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ فاروق اعوان، ایس پی اینٹی وائلینٹ کرائم سیل نیاز کھوسو، ایس پی انسداد انتہا پسندی سیل چودھری اسلم ڈی ایس پی بنا دیئے گئے ہیں۔

جبکہ ایس پی سی آئی ڈی آپریشنز فیاض خان، ایس پی سی آئی ڈی راجہ عمر خطاب ایس پی سی آئی ڈی انویسٹی گیشن مظہر مشوانی انسپکٹرز کے رینک پر واپس بھیج دیئے گئے ہیں۔ ڈی ایس پی رینک پر کام کرنے والے واصف قریشی، عامر حمید، را اسلم، علی رضا، چوہدری غلام صفدر اور عثمان اصغر کو انسپکٹرز کے رینک پر بھیج دیا گیا ہے۔