لاہور (جیوڈیسک) لاہور سمیت پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بیشتر شہروں میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا، مختلف علاقوں میں مکانات کی چھتیں گرنے سے تین بچے جاں بحق،درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔
شیرا کوٹ میں مکان کی چھت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق،دوسرا زخمی ہو گیا، ہری پور میں چنگی بانڈی کے علاقے میں چھت گرنے سے دو بچے جاں بحق ہو گئے۔لاہور کے علاقے سنگھ پورہ میں عمارت گرنے سے پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ سبزہ زار میں چھت گرنے سے متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔
ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔دوسری جانب موسلا دھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی سے متعدد دیہات زیر آب آ گئے ہیں۔ فلڈ کنٹرول یونٹ کے مطابق نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے جبکہ چشمہ بیراج میں پانی کی سطح بڑھنے سے سات دیہات زیر آب آ گئے ہیں۔