اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری بان کی مون نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایک سویلین حکومت سے دوسری سویلین حکومت کو اقتدار کی منتقلی خوش آئند ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کی سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اوراپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے بان کی مون نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کا ایک سرگرم رکن ہے اور پاکستان نے دنیا میں امن کے استحکام کے لیے قابل قدر خدمات انجام دیں ہیں۔
اقوام متحدہ نے پاکستان میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کے استحکام کے لیے ہمیشہ انتہائی اہم کردارادا کیا ہے۔انہوں نے سردار ایاز صادق کو سپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔سردار ایاز صادق نے پاکستان میں معاشی و سماجی شعبوں کی ترقی کے لیے اقوام متحدہ کی طرف سے مالی و تکنیکی معاونت کو سراہا۔
اور کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتیں دہشگردی کے خاتمے کے لیے متفق ہیں۔سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور ہمسایہ ممالک سے برابری کے بنیاد پر دوستانہ تعلقات پر یقین رکھتا ہے۔