فیصل آباد (جیوڈیسک) کے علاقے اسلام نگر کے رہائشی زوہیب نے ایشیا کا سب سے بڑا 2225 فٹ لمبا قومی پرچم تیار کرنے کا دعوی کیا ہے۔ تین ماہ میں تیار ہونے والے پرچم پر ایک لاکھ اکاسی ہزار روپے لاگت آئی۔ آج یوم آزادی پر شہر کے مختلف مقامات پر اس منفرد پرچم کی نمائش کی گئی۔ اسلام نگر فلیٹس میں مقیم 25 سالہ زوہیب مقامی کالج میں کراٹے کا استاد ہے۔
اس کا کہنا ہے اس نے 2225 فٹ لمبے پرچم کی سلائی بھی دو ساتھیوں سے مل کر خود ہی کی ہے اور اسے سنہری بارڈر سے سجایا ہے۔ اس کی تیاری میں ہزاروں میٹر کپڑا استعمال کیا گیا ہے۔ زوہیب جذبہ حب الوطنی کے تحت گیارہ سال سے قومی پرچم بنا رہا ہے۔
2011 میں اس نے 47 فٹ جبکہ 2012 میں پہلے 70 فٹ اور بعدازاں 200 فٹ لمبا قومی پرچم تیار کیا تھا۔ زوہیب اور اس کے ساتھیوں نے آج جشن آزادی مناتے ہوئے طویل ترین قومی پرچم کے ساتھ شہر کی مختلف سڑکوں پر ریلی نکالی۔ ریلی میں شامل بچے اور نوجوان ملی نغموں پر بھنگڑا ڈال کر اپنی خوشی کا اظہار کرتے رہے۔ ریلی کے اختتام پر طویل ترین پرچم کو عبداللہ پور انڈر پاس کے اوپر سے لہرایا گیا۔