لاہور : شدید بارش کے باوجود جشن آزادی کی تقریبات

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) بارش کے باوجود لاہور میں جشن آزادی کی تقریبات شہربھر میں جاری رہیں۔ گورنر پنجاب، اعلی فوجی اور سول اہلکاروں نے مزار اقبال پر حاضری دی۔ جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز علی الصبح صوبائی دارالحکومت میں اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔

فوج کے چاک و چوبند دستے نے مزار اقبال پر سلامی دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی بعد میں گورنر پنجاب چودھری سرور نے مزار پر حاضری دی، اس موقع پر ذرائع
سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یوم آزادی کے موقع پر بھارت احساس کرے کہ امن دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔

بھارتی صحافیوں کے وفد نے بھی بادشاہی مسجد اور مزار اقبال کا دورہ کیا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ پاک بھارت ٹینشن میں بھارتی ذرائع نے منفی کردار ادا کیا۔ عام شہریوں کی بھی بڑی تعداد مزار اقبال پر حاضری دیتی رہی، جبکہ بارش کے باوجود زندہ دلان لاہور بھرپور جوش جذبے کے ساتھ جشن آزادی مناتے رہے۔