پنجاب (جیوڈیسک) وزیر اعظم نے سیلاب کے خطرے کے پیش نظر پاک فوج کو ہائی الرٹ کر دیا۔ متاثرہ علاقوں میں آدھے گھنٹے میں ریسکیو آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کردی گئی۔ پی ڈی ایم اے نے دریائے چناب کی قریبی آبادیوں کی منتقلی شروع کردی۔
سیلاب کی غیر معمولی صورتحال کے باعث وزیراعظم نے فوج کو ہائی الرٹ پر جانے اور متاثرہ علاقوں میں آدھے گھنٹے میں ریسکیو آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ وزیر اعظم نے این ڈی ایم اے کو ہر گھنٹے بعد سیلاب کی صورتحال سے آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعلی پنجاب نے سیلاب کے پیش نظر صوبائی وزیر آبپاشی کو فوری طور پر ہیڈ مرالہ پہنچنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ ڈی جی پی ڈی ایم نے دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کے پیش نظر کناروں پر آباد افراد کے لئے وارننگ جاری کردی ہے۔ جس کے بعد لوگوں نے محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونا شروع کر دیا ہے۔
سیلابی ریلے کا بہا چار لاکھ کیوسک تک متوقع ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے سیالکوٹ، منڈی بہاالدین، سرگودھا، چنیوٹ، جھنگ، سمندری سمیت دریا کے کنارے آباد لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔