اسلام آباد (جیوڈیسک) لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے آتے ہیں علمائے کرام اور دینی مدارس کے خلاف کریک ڈاون شروع کردیا ہے۔ چوڑیاں نہیں پہن رکھیں۔ اگر چھیڑنے کی کوشش کی گئی تو ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ جامعہ حفصہ اسلام آباد میں اپنی اہلیہ ام حسان کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالعزیز نے کہا کہ اسلامی نظام کے لیے پرعزم جدوجہد کے خواہاں ہیں۔
حکومت انہیں پھر گرفتار کرکے الجھانا چاہتی ہے۔ حکومت کا مجموعی رویہ درست نہیں۔ اطلاع ہے کہ علاقے کے دو سو تیرہ علمائے کرام کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ ام حسان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کی طرح نواز شریف بھی امریکی دباو میں ہے۔
لگ رہا ہے کہ موجودہ حکومت بھی مشرف کی طرح کوئی بڑا کھیل کھیلنا چاہتی ہے۔ حکومت ہوش کے ناخن لے۔ جو طریقہ اختیار کیا جارہا ہے وہ درست نہیں۔ اسلام آباد میں امن ان کی وجہ سے قائم ہے۔ وہ جان دے دیں گے لیکن گرفتاری نہیں دیں گے۔