کنٹرول لائن کی پاکستان نے خلاف ورزی کی، منموہن کا الزام

Manmohan

Manmohan

نئی دلی (جیوڈیسک) بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ نے پاکستان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کنٹرول لائن پر بھارتی فوجیوں پر حملے کئے گئے۔ پاکستان اپنی سرزمین بھارت کیخلاف استعمال نہ ہونے دے۔ بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر دلی میں لال قلعہ کے باہر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم منموہن سنگھ نے بھی پاکستان کے خلاف زہر اگلنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہ جانے دیا۔

امن کی آشا رکھنے والے وزیر اعظم زہریلی بھاشا بولتے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کنٹرول لائن پر بھارتی فوجیوں پر حملے کیے گئے۔ منموہن سنگھ کا یہ بھی کہنا تھا کہ مذاکرات کے لئے سرحدی قوانین کی پابندی کرنا ہوگی۔ بھارتی وزیر اعظم نے یہ پرانی رٹ بھی دہرائی کہ پاکستان اپنی سرزمین بھارت کے خلاف استعمال نہ ہونے دے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں اور ایسے واقعات روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ حقائق یہ ہیں کہ گزشتہ ایک ماہ میں بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی 35 اور جنوری 2013 سے اب تک سیز فائر معاہدے کی 186 بار سے زائد خلاف ورزی کر چکی ہے۔ ان سرحدی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں پاکستان کے 4 فوجی جوان، دو شہری شہید اور کئی افراد زخمی بھی ہو چکے ہیں۔