اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے لیے قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈرون حملے اور افغانستان میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ ہماری جنگ نہیں ہے۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے ہر ممکن تعاون پر تیار ہے۔
انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے لئے قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کمیٹی کے لئے تمام سیاسی جماعتوں سے نام طلب کر لئے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر میں کل اجلاس ہو گا جس میں سیاسی جماعتوں کے نمائندے شریک ہوں گے۔ چودھری نثار نے ایوان کو بتایا کہ ڈرون حملے اور افغانستان میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ ہماری جنگ نہیں ہے۔
البتہ پاکستان کے گلی کوچوں میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ ہماری جنگ ہے۔ سیکورٹی کے حوالے سے چوہدری نثار نے کہا کہ اس ماہ تمام پارلیمانی جماعتوں سے مشاورت کریں گے تاہم صوبوں کی اپنی بھی جامع سیکورٹی پالیسی ہونی چاہیے۔ چوہدری نثار نے ایوان کو بتایا کہ ملک میں کہ ملک میں زیر التوا پاسپورٹ کا بیک لاک ختم کر دیا گیا ہے۔ اگلے دو سے تین روز میں پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ کے باہر یا آس پاس ایجنٹ مافیا نظر نہیں آئے گا۔ دوسری جانب سپیکر قومی اسمبلی نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے معاملے پر اجلاس کل طلب کر لیا ہے۔