لیبر یونیٹی آف آئیسکو یونین نے آئیسکو انتظامیہ سے عید بونس کی جلد ادائیگی کا مطالبہ کر دیا
Posted on August 15, 2013 By Geo Urdu اسلام آباد
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی کی جانب سے عید بونس کی منظوری کے باوجود آئیسکو ملازمین بونس کی ادائیگی سے محروم ہیں۔ لیبر یونیٹی آف آئیسکو یونین کے صدرمحمد عاشق خان نے وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ آصف کی جانب سے آئیسکو ملازمین کو انکی اعلی کارکردگی کی بنا پر عید بونس کی منظوری دینے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بونس ادائیگی کی تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے وفاقی وزیر برائے پانی وبجلی سے عید بونس کی جلد ادائیگی کا مطالبہ کیا۔
لیبر یونیٹی آف آئیسکو یونین کے چیئرمین لالہ رحیم نے اس موقع پر کہا کہ لیبر یونیٹی واپڈا کی یونینز کو آئیسکو ملازمین کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دے گی۔ جنرل سیکرٹری لیبر یونیٹی آف آئیسکو یونین سید تنویر حسین کاظمی نے کام کے دوران شہید ہونے والے لائن سٹاف کے بچوں کو آئیسکو میں تقرری کرنے پر چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو ملک یوسف اعوان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی چیف ایگزیکٹو کمپنی کی بہتری کے لئے مثبت اقدامات کریں گے۔