انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ارشد پپو قتل کیس میں کالعدم پیپلزامن کمیٹی کے سربراہ عزیر بلوچ اور بابا لاڈلہ سمیت 9 ملزمان کو اشتہاری قراردیتے ہوئے ملزمان کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ہیں۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں لیاری گینگ وار کے ملزم ارشد پپو،اس کے بھائی یاسرعرفات اورشیرجمعہ کے تہرے قتل کیس کی سماعت ہوئی، دوران سماعت کیس کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ قتل کیس میں مطلوب کالعدم امن کمیٹی کے سربراہ عزیر بلوچ ،حبیب جان بلوچ ،نورمحمد عرف بابا لاڈلہ، آصف کانا، زاہد لاڈلہ، فیصل پٹھان ،یاسر پٹھان، انسپکٹرجان خان نیازی اور انسپکٹر جاوید بلوچ عدالتی حکم کے بعد روپوش ہوگئے ہیں۔
اس لئے ان کی گرفتاری ممکن نہیں، جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تھانوں اورعوامی مقامات پرملزمان کی گرفتاری سے متعلق اشتہار آویزاں کرنے اور ملزمان کو تاحال گرفتار نہ کرنے پر پولیس کارکردگی کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ارشد پپو قتل کیس میں پولیس کی جانب سے کارروائی نہ ہونے پر سپریم کورٹ کے حکم پر مقتول ارشد پپو کی اہلیہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمے کی سماعت 26 اگست تک ملتوی کردی گئی۔