نئی سیکیورٹی پالیسی پر تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیں گے، چوہدری نثار

Ch Nisar

Ch Nisar

وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ نئی سیکیورٹی پالیسی پر تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیں گے۔ ڈرون حملے اور افغانستان پر قبضہ ہماری جنگ نہیں، حساس اداروں کو اپنی ذمہ داریو ں کا احساس کرنا ہوگا۔

حکومت نے ملک بھر میں نئے اسلحہ لائسنس کے اجرا پر پابندی عائد کردی۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے غیر قانونی ہتھیاروں کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ غیر قانونی اسلحہ کی روک تھام کیلئے جامع پالیسی وضع کی جائیگی۔ سابقہ حکومت کے دور میں جاری کئے گئے ستر ہزار اسلحہ لائسنس کا جائزہ لے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے ایوان کو بتایا کہ غیر لائسنس یافتہ ہتھیاروں کے ضمن میں تیئس ہزار پانچ سو پینتیس افراد کو گرفتار کیا گیا۔ وزارت داخلہ کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سندھ پولیس کی کسی حدود میں غیر قانونی ہتھیاروں کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ جنوری سے جون تک پنجاب میں غیر قانونی ہتھیاروں کے تیئس ہزار پانچ سو چوالیس کیسز رپورٹ ہوئے۔ صوبے بھر سے پانچ سو ستائیس کلاشنکوف، ایک ہزار سات سوترپن رائفلز، سترہ ہزار دو سو چھبیس پستول، ستاون دستی بم اور ایک ہزار چار سو اناسی کاربن برآمد کی گئیں۔

اسلام آباد پولیس نے رواں سال آرمڈ آرڈیننس کے تحت چار سو ستاسی مقدمات رجسٹر اور چار سو نواسی ملزمان کو گرفتار کیا۔ اسلام آباد پولیس نے بیس کلاشنکوف انتیس رائفلز، پچپن بندوقیں چار سو اٹہتر پستول اور آٹھ کاربن برآمد کیں۔ خیبر پختونخواہ میں غیر قانونی اسلحہ کے ضمن میں چار افراد گرفتار ہوئے۔ مختلف کارروائیوں میں تیئس کلاشنکوف ایک سو چھتیس پستول اور ہزاروں گولیاں برآمد ہوئیں۔

وزیرداخلہ نے بتایا کہ غیر قانونی طور پر حاصل کئے گئے اسلحہ لائسنس منسوخ کردیئے گئے ہیں۔ ایوان میں رواں سال غیر قانونی ہتھیاروں کی غیر قانونی تجارت سے متعلق وزارت داخلہ کا تحریری جواب بھی پیش کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے ایوان کو بتایا کہ گلگت بلتستان میں ہتھیاروں کی غیر قانونی تجارت بہت کم ہے۔