لاہور (جیوڈیسک) لاہور سیالکوٹ اور گوجرانوالہ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بادل برستے رہے، محکمہ موسمیات نے آج جنوب مشرقی پنجاب اور اندرون سندھ برسات کی پیش گوئی کی ہے۔ ملک میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران نگر پارکر میں سب سے زیادہ ایک سو ستتر ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
سیالکوٹ میں ایک سو پندرہ، لاہور میں سڑسٹھ، گوجرانوالہ میں بیالیس اور پشاور میں اکتالیس ملی میٹر بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رم جھم کا سلسلہ کل بھی جاری رہے گا۔ اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران گوجرانوالہ، لاہور، بہاولپور، سکھر اور لاڑکانہ میں بارش کاامکان ہے۔