گجرات کی خبریں 15.08.2013

جدید دنیا میں علم کی حکمرانی ہے۔ کوئی قوم یا کوئی ملک علم کے بغیرترقی نہیں کر سکتا: ڈاکٹر محمد نظام الدین
گجرات (جی پی آئی)جدید دنیا میں علم کی حکمرانی ہے۔ کوئی قوم یا کوئی ملک علم کے بغیرترقی نہیں کر سکتا آج کے دور میں صرف وہی قومیں اور ملک ترقی کر رہے ہیں جنہوں نے تعلیم کے شعبہ میںخطیر سرمایہ کاری کی ہے۔ اعلیٰ تعلیم سے پہلے بنیادی تعلیم کا مسئلہ حل ہونا چاہئے میں وزیر اعلیٰ پنجاب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے وقت کی ایک اہم ضرورت کو پورا کرتے ہوئے جہالت سے آزادی کا نعرہ بلند کیا اور سو فیصد تعلیم کے ہدف کو پورا کرنے کے لیے ہر بچے کو سکول میں داخل کروانے کا عزم کیا۔ میں یقین دلاتا ہوں کہ یونیورسٹی آف گجرات اور اس کا ہر فرد خادم اعلیٰ کی اس ایمرجنسی ایجوکیشن پروگرام کو کامیاب کرنے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔” ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر یونیورسٹی آف گجرات ڈاکٹر محمد نظام الدین نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے سکولوں میں یونیورسل انرولمنٹ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی آبادی بڑی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور اس میں ہر سال 30 لاکھ افراد کا اضافہ ہو رہا ہے ۔ کسی بھی پالیسی کی تشکیل سے زیادہ اس پالیسی پر صحیح معنوں میں عمل بہت ضروری ہے۔ جب تک تعلیم کے میدان میں سول سوسائٹی کے نمائندگان کو شامل نہیں کیا جاتا تب تک تعلیم کے مقاصد حاصل نہیں کیے جا سکتے۔ صحیح معنوں میں تعلیم کی ترویج کے لیے طالب علموں کو مطلوبہ سہولیات مہیا کرنا بھی ضروری ہے۔ یونیورسٹی آف گجرات وزیر اعلیٰ کی لازمی تعلیم کی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ ساری دنیا میں اس وقت مہارت یافتہ لیبر فورس کی ضرورت ہے۔ ہم اپنی نئی نسل کو فنی تعلیم سے آراستہ کر کے اس لیبر فورس کی ضرورت کو پورا کر سکتے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب کے پروگرام سو فیصد تعلیم اور جہالت سے آزادی کے حق میں ایک واک کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن طارق نجیب نجمی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اس واک کی قیادت وائس چانسلر ڈاکٹر محمد نظام الدین نے کی۔ یہ واک ڈی سی او ہائوس سے شروع ہو کر گورنمنٹ میونسپل گرلز ماڈل سکول پر اختتام پذیر ہوئی۔ اس واک میں یونیورسٹی آف گجرات کی انتظامیہ، اساتذہ اور ڈائریکٹران، ضلعی انتظامیہ اور سول سوسائٹی کے سرکردہ اراکین کے علاوہ ضلع بھر سے سکولوں کے اساتذہ اور انتظامیہ نے شرکت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شعبہ تعلیم میں نمایاں خدمات پرحکومت پاکستان نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف گجرات کو ”ستارہ امتیاز” دینے کا اعلان
گجرات (جی پی آئی ) تعلیم کے شعبہ میں نمایاں خدمات کے اعتراف میںحکومت پاکستان نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف گجرات ڈاکٹر محمد نظام الدین کو ”ستارہ امتیاز” دینے کا اعلان۔ ڈاکٹر محمد نظام الدین عالمی شہرت کے حامل ماہر عمرانیات، منتظم اور ماہر تعلیم ہیں اور اقوام متحدہ میں نمایاں پوزیشنوں پر فائز رہے اور دنیا کے کئی ممالک میں خدمات سر انجام دے چکے ہیں اور کولمبیا یونیورسٹی امریکہ میں تدریس و تحقیق کے شعبے سے منسلک رہے۔ گذشتہ سات سال سے یونیورسٹی آف گجرات کے وائس چانسلر کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں مختصر سی مدت میں انہوں نے نومولود یونیورسٹی کو درس گاہ سے دانش گاہ کی شناخت عطا کی۔ انہوں نے کمیونٹی کالجز کے تصور، ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام اور پنجاب کے 26 کالجوں میں چار سالہ ڈگری پروگرام میں حکومت پنجاب کو ہر ممکن مدد و تعاون فراہم کیا۔ ڈاکٹر محمد نظام الدین ہائر ایجوکیشن کمیشن کی سوشل سائنسز کے فروغ کی قومی کمیٹی کے چیئرمین، انٹر یونیورسٹی کنسورشیم برائے فروغ عمرانی علوم کے چیئر مین اور بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کی ٹاسک فورس کے فعال ممبر کے طور پر فرائض بحسن و خوبی انجام دہے رہیں ۔ یونیورسٹی آف گجرات کے سینئر سٹاف، اساتذہ اور طالبعلموں نے ڈاکٹر محمد نظام الدین کو ستارہ امتیاز ملنے پر مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ یہ یونیورسٹی آف گجرات اور اہل گجرات کے لیے بھی قابل فخر و انسباط ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈاکٹر سید احسان اللہ شاہ ، ڈاکٹر طارق سلیم نے مصر میں پر امن احتجاج کرنے والوں پر فوج کے حملے کی مذمت کی
گجرات (جی پی آئی)ڈاکٹر سید احسان اللہ شاہ امیر جماعت اسلامی ضلع گجرات، ضلعی جنرل سیکرٹری میا ں شبیر احمد خاور اور صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر طارق سلیم نے مصر میں پُر امن احتجاج کرنے والوں پر فوج کے زمینی اور فضائی حملوںکے نتیجے میں سینکڑوں افراد کے قتل اور ہزاروں کی تعداد زخمی ہونے کے واقعہ کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہامصری فوج نے یہ سب کچھ امریکی اور مغربی آقائوں کی آشیر باو سے کیا ہے۔ اور گذشتہ تمام واقعات اس بات پر شاہد ہیں کہ انہیں نام نہاد جمہوریت کے علمبرداروں کی پشت پناہی حاصل ہے۔جماعت اسلامی کے ان راہنمائوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس مسئلہ کو اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل میں اٹھانے کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے اور ساتھ ہی مصر کی غاصب فوجی حکومت سے ہر قسم کے سفارتی، تجارتی اور دیگر روابط معطل کر لے۔ان راہنمائوں نے سوال اٹھایا کہ کدھر ہیں انسانی حقوق کی تنظیمیں ؟ ، کہاں ہے اقوام متحدہ ؟ اور کہا ں گئے جمہوریت کے دعوے؟۔ مسلمانوں کے معاملے میں سب چپ سادھ لیتے ہیں معاملہ مصر کا ہو، برما ، فلسطین اور کشمیر کا ہو یا پھر بنگلہ دیش کے نام نہاد ٹریبونل کا ۔ان راہنمائوں نے عالمی امن کے ٹھیکیداروں کو یاد دلایا کہ جمہوری اقدار کا پاس نہ کر کے اور آمروں اور ڈکٹیٹروں کی پشت پنا ہی مغربی اقوام با لخصوص امریکہ کے دہرے میعار کا تضاد اب کھل کر سامنے آگیا ہے انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کا راستہ روک کر مغربی اقوام دنیا میں تشدد اور دہشت گردی کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔ اور ان کی لگائی ہوئی آگ میں ہر چیز بھسم ہو کررہ جائیگی اور ان کا بھی کچھ نہ بچے گا۔ لہٰذا اس سے اجتناب ہی ان کے حق میں بہتر ہے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن کی کال پر آج جمعہ المبارک کی نماز کے بعدملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ممتاز شخصیات نے رانا مشرف علی ناز کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی
گجرات (جی پی آئی) ممتاز شخصیات نے رانا مشرف علی ناز کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی، جن میں صدر شیعہ علماء کونسل الطاف عباس کاظمی، پاکستان تحریک انصاف کے راہنما سلیم سرور جوڑا، گجرات چیمبر آف کامرس کے ایگزیکٹو ممبر اعجاز ترہنگی، حکیم سید مسعود مشہدی، سید رضوان علی شاہ، ڈاکٹر رزاق احمد غفاری، محسن بشیر و دیگر شامل ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چوہدری عمر گجر کی ڈی پی او گجرات کے پی اے نصر اللہ وڑائچ سے ملاقات
گجرات (جی پی آئی) ڈسٹرکٹ کو آرڈی نیٹر مصالحتی کمیٹیز چوہدری عمر گجر نے گذشتہ روز ڈی پی او آفس میں ڈی پی او گجرات کے پی اے چوہدری نصر اللہ وڑائچ اور ڈی پی او آفس کے سپر ٹنڈنٹ منظور احمد سے خصوصی ملاقات کی چوہدری عمر گجر نے چوہدری نصر اللہ وڑائچ اور منظور احمد کو ذمہ دار آفیسر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈی پی او آفس کا نظام بہت اچھے طریقے سے چل رہا ہے ڈی پی او گجرات سید علی ناصر رضوی نے ڈی پی او آفس میں آنے والے سائلین کی تمام مشکلات کو دور کیا ہے اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی گئی ہیں ملاقات کے دوران ضلع بھر کی خاندانی دشمنیوں کے خاتمہ کیلئے مصالحتی کمیٹیوں کے کردار کو بھی زیر بحث لایا گیا چوہدری نصر اللہ وڑائچ اور منظور احمد نے چوہدری عمر گجر کو ضلع گجرات میں خاندانی دشمنیوں کے خاتمہ میں بھر پور کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
خاندانی دشمنی ، ٹارگٹ کلنگ یا موبائل فرینڈ شپ گجرات میں ایک کانسٹیبل قتل، دوسرا شدید زخمی
گجرات (جی پی آئی )خاندانی دشمنی یا پولیس ٹارگٹ کلنگ گجرات میں عثمان پلازہ کے قریب دودھ دہی کی دوکان رانجھا ملک شاپ پر تین نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے دوکان میں داخل ہو کر پچیس سالہ کانسٹیبل سرفراز رحمانی سکنہ منگووال، کو شہید کر دیا جبکہ دوسرے کانسٹیبل24سالہ شعیب جٹ سکنہ کوٹ سندھا کنجاہ کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا جبکہ فائرنگ سے دوکان کامالک ممتاز احمد سکنہ منڈی بہائوالدین ٹانگ پر گولی لگنے سے معمولی زخمی ہوا موٹر سائیکل سوار ملزمان پہلے عثمان پلازہ کی طرف اور بعد میں سروس موڑ کی طرف فرار ہو گئے حملہ آوروں میں ایک ہٹاکٹا مولوی جس نے شلوار قمیض پہن رکھی تھی جبکہ دوسرا اٹھارہ سالہ پینٹ شرٹ میں ملبوس جس نے سرخ رنگ کی شرٹ اور کالے رنگ کی پینٹ پہن رکھی تھی تیسرے ملزم نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا تینوں ملزمان کے رنگ گندمی اور دو نے نقاب کر رکھے تھے ۔شہید کانسٹیبل سرفراز رحمانی کی ڈیڑھ سال قبل شادی ہوئی اور وہ ایک بچے کاباپ تھا جو 2007ء میں بھرتی ہوا تھا جبکہ زخمی کانسٹیبل شعیب جٹ غیر شادی شدہ ہے ۔ڈی پی او گجرات سید علی ناصر رضوی فوری معہ نفری موقع پر پہنچ گئے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور موقع پر موجود لوگوں کے بیانات ریکارڈ کئے ڈی پی او گجرات سید علی ناصر رضوی کے مطابق یہ دہشتگردی کی واردات نہیں ہے کانسٹیبل سرفراز کو ٹارگٹ کیا گیا جبکہ دوکان میں موجود زندہ بچ جانے والے افراد خضر حیات عرف ملنگی، اطلش عثمان، دوکاندار ممتاز نے بتایا کہ حملہ آوروں نے عام لوگوں کو علیحدہ کر کے پولیس والو ں کو ٹارگٹ کر کے فائرنگ کی دونوں کانسٹیبل ناشتہ کرنے آئے تھے انہوں نے آدھا آدھا کلو دہی خریدا، ناشتہ بھی نصیب نہ ہوا اور موت آ گئی ۔ایک ماہ میں گجرات میں دو کانسٹیبل شہید ہوچکے ہیں گجرات پولیس شہدا کی تعداد65ہو گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پولیس تھانہ اے ڈویژن کے علاقہ سے دو نوجوانوں نے خواتین سے بیگ چھین لیا
گجرات (جی پی آئی) پولیس تھانہ اے ڈویژن کے علاقہ سے دو نوجوانوں نے خواتین سے بیگ چھین لیا، تفصیلات کے مطابق پولیس تھانہ اے ڈویژن گجرات کے علاقہ ظہور الٰہی مارکیٹ فوارہ چوک کے قریب سے دو موٹر سائیکل سوار نوجوانوں نے محلہ چاہ کھولے ریلوے روڈ کی رہائشی خواتین سے رات کے اندھیرے میں بیگ چھین لیا، جس میں 2عدد پاکستانی پاسپورٹ، 16ہزار روپے نقدی اور 3عدد موبائل سمیت دیگر اہم کاغذات تھے، پولیس تھانہ اے ڈویژن کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس تھانہ اے ڈویژن نے تحریری درخواست پر ابھی تک کوئی بھی قانونی کاروائی عمل میں نہیں لائی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سٹیزن فرنٹ ضلع گجرات کے زیر اہتمام یوم آزادی وعید ملن پارٹی کی تقریب منعقد کی گئی
گجرات (جی پی آئی) سٹیزن فرنٹ ضلع گجرات کے زیر اہتمام یوم آزادی وعید ملن پارٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز دانشور اور یونیورسٹی آف گجرات میں تاریخ اور سیاست کے استاد پروفیسر سید شبیر حسین شاہ نے کہا کہ پاکستانی قوم ذہین اور بے پناہ صلاحیتوں کی حامل ہے، برصغیر کے مسلمانوں نے قائداعظم کی زیر قیادت علیحدہ وطن حاصل کر کے اپنے تاریخی اور قومی ورثہ کو ہمیشہ کیلئے محفوظ بنا لیا ہے، آج وطن عزیز کی سلامتی کے خلاف باتیں کرنے والے صرف اپنی محرومیوں اور مایوسیوں کا رونا روتے ہیں، پاکستانی قوم کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے مربوط اصلاحات اور اداروں کے استحکام کی ضرورت ہے، جس کیلئے گلوبل لیبر مارکیٹ کیلئے مزدور اور ٹیکنیشن پیدا کرنے کی بجائے سائنسدانوں اور ایجادات کی ضرورت ہے، دنیا میں وہ قومیں ترقی کر رہی ہیں، جو کہ آئے روز نت نئی مشینری اور انسانی سہولیات کی اشیاء تیار کر رہی ہیں، جس سے زندگی آسان اور علاج معالجے کی بہتر سہولتیں حاصل ہو رہی ہیں، کیونکہ وہ انسانی و سائل پر خاصہ روپیہ خرچ کرتی ہیں، جبکہ پاکستان میں شعبہ تعلیم اور صحت پر بہت کم خرچ کیا جا رہا ہے، بلکہ ان شعبوں نے پرائیویٹ سیکٹر میں ایک تجارت کی شکل اختیار کر لی ہے، جس سے لوگوں کی محرومیوں میں اضافہ ہوا ہے، جس نے سماجی اور معاشی تضادات کو جنم لیا ہے، آج جس کے شاخسانے دہشت گردی، صوبائیت، لاقانونیت اور بے روزگاری کی شکل میں موجود ہیں، ہم عرب ریاستوں سے زیادہ بلوچستان میں معدنی وسائل رکھنے کے باوجود انہیں استعمال میں لانے کی صلاحیتوں سے محروم ہیں، ان تمام معاملات کے حل کیلئے خود مختار فیصلوں کی ضرورت ہے، جس کیلئے پاکستانی باعزم قوم کو متحرک کرنے کی ضرورت ہے، جس سے پاکستان کا مستقبل تابناک بن جائے گا، چوہدری علی ابرار جوڑا ضلعی صدر سٹیزن فرنٹ نے کہا کہ 14اگست 1947کو دنیا کے نقشے پر پاکستان کا ابھرنا یقینا ہماری تاریخ کا بہترین لمحہ تھا، لوگوں کو اس کی صورت میں آزادی ملی، جو کہ قائداعظم محمد علی جناح کی قائدانہ صلاحیتوں کا بھرپور دستاویزی ثبوت ہے، پاکستان افرادی قوت سے مالا مال ملک ہے، جو کہ تعلیم، میڈیسن انجینئرنگ اور دوسرے شعبوں میں عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو تسلیم کروا چکی ہے، ہم نے بحرانوں کے باوجود ترقی کی ہے ہم ملک میں دہشت گردی کی وباء سے قومی یکجہتی کے ذریعہ نجات حاصل کر سکتے ہیں، ہمیں باہمی اختلافات ختم کر کے وسیع تر مفادات کی خاطر دہشت گردی، فرقہ واریت، ناانصافیوں، کرپشن اور اندرونی اور بیرونی سازشوں کے خلاف جنگ شروع کرنا ہو گی، تا کہ پاکستان کو پر امن اور سرمایہ کاری کیلئے ساز گار بنایا جا سکے، معروف دانشور چیئرمین سٹیزن فرنٹ تھنکرز فورم افتخار بھٹہ نے کہا آج ہم اندرونی اور بیرونی دبائو کے ماحول میں یوم آزادی منا رہے ہیں ، ہندوستانی میڈیا اور متعدد انتہا پسندوں نے بھارتی فوجیوں کی ہلاکت پر نفرتوں اور منفی پراپیگنڈا کا طوفان برپا کر رکھا ہے تو دوسری طرف بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے واقعات ہیں، فرقہ وارانہ قتل اور افغانستان ایشو ہیں ، وہاں پر آئندہ علاقے کا کونسا ملک اپنی پالیسیاں چلائے گا، بدقسمتی سے جب بھی بھارت کے ساتھ امن کی بات کی جاتی ہے یا اندرونی معاملات کو سدھارنے کیلئے فیصلہ کرنے کا وقت آتا ہے تو سرحد کی دونوں طرف بعض جنگجو عناصر سرگرم عمل ہو جاتے ہیں ،جس سے تمام منصوبے دھرے کے دھرے رہ جاتے ہیں، جس سے ناپسندیدہ قوتیں فائدہ اٹھاتی ہیں، ہم نے ماضی کے کئی سال محاذ آرائی اور باہمی مخالفتوں میں ضائع کر دئیے ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ ہم یہاں پر غربت مہنگائی اور بیروزگاری کے خاتمہ کیلئے اندرونی امن کو یقینی بنائیں، جس کیلئے نیشنل سیکورٹی اور معاشی پالیسی کی ضرورت ہے، ملک کی چالیس فیصد سے زیادہ سطح غربت سے نیچے کی زندگی گزارنے والی آبادی کو سستی خوراک، آٹا، گھی، چینی کی فراہمی کیلئے فوڈ سیکورٹی بینک کا قیام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، جس سے غریب عوام کی اقتدار اور جمہوریت میں حقیقی شمولیت کو اجاگر کیا جا سکتا ہے، ضلعی جنرل سیکرٹری محمد یاسین ناصر نے کہا کہ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہو گا کہ پاکستان کو ایک عظیم فلاحی ریاست بنانا ہے، اور اس کیلئے ہم سب کو یکجا ہو کر کام کرنا ہو گا، ضلعی نائب صدر محمد اشرف منہاس نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا تھا اور پاکستان کو بنانے میں جن قائدین اور بزرگوں نے دن رات کام کیا وہ سب خراج تحسین کے مستحق ہیں ،سٹی جنرل سیکرٹری خاور بشیر بٹ گولڑوی نے کہا کہ آج ہم اندرونی و بیرونی عناصر کی ریشہ دیوانیوں کی وجہ سے سخت مشکلات کا شکار ہیں، شر پسند عناصر، ملک کو توڑنے کے در پے ہیں، آج ہمیں تجدید عہد کرکے ملک دشمن عناصر کے مذموم مقاصد کو خاک میں ملانا ہے، تقریب سے مہر مشتاق احمد اور سید صفدر حسین شاہ نے بھی خطاب کیا، جبکہ صاحبزادہ پیر سید حسن محمود شاہ گجراتی نے استحکام پاکستان اور اتحاد امت مسلمہ کیلئے خصوصی دعا کی، تقریب کے آخر میں تمام شرکاء کے اعزاز میں عید ملن پارٹی کا بھی اہتمام کیا گیا، تقریب میں سٹیزن فرنٹ کے عہدیداران و ممبران کے علاوہ معززین شہر کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈی پی او گجرات کی زیر نگرانی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کی ڈاکٹر عبدالرحمن قتل کے مختلف پہلوئوں پر تفتیش جاری
گجرات ( جی پی آئی ) ڈی پی او گجرات سید علی ناصر رضوی کی زیر نگرانی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کی جدید سائنسی تکنیک استعمال کرتے ہو ئے ڈاکٹر عبدالرحمن قتل کے مختلف پہلوئوں پر تفتیش جاری تفصیلات کے مطابق ڈی پی او گجرات سید علی ناصر رضوی کی زیر نگرانی جوائنٹ انویسٹی ٹیم نے ڈاکٹر عبدالرحمن قتل کیس کی جدید سائنسی تکنیک استعمال کرتے ہو ئے کرائم سین سے اٹھائے گئے فنگر پر نٹس میچنگ کے لئے نادرا ہیڈ کوارٹر اسلام آباد بھجوا دئیے ہیں موبائل نمبر کا ڈیٹا حاصل کر کے اس کی بھی تفتیش کی جارہی ہے مقتول کے بینک اکائونٹ کی چھان بین کی جارہی ہے علاقہ کے سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان کی انٹیروگیشن جاری ہے تما م تفتیشی عمل کی ڈی پی او گجرات سید علی ناصر رضوی کی برائے راست زیرنگرانی کر رہے ہیں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم دن رات محنت کر رہی ہے تاکہ جلد از جلد ملزمان کو ٹریس کیا جائے انشاء اللہ بہت جلد قاتلوںکو بے نقاب کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی تاکہ آئندہ ایسا افسوس ناک واقعہ دوبارہ رونما نہ ہو سکے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم میں ایس ایچ او تھانہ سٹی جلالپور جٹاں فراست علی ایس ایچ او تھانہ کڑیانوالہ انسپکٹر ملک عدنان ایس ایچ او تھانہ صدر جلالپورجٹاں انسپکٹر ملک مظہر ایس ایچ او تھانہ صدر سرائے عالمگیر انسپکٹر فضل احمد سب انسپکٹرز ظفر اقبال بشارت احمد وقار احمد اے ایس آئیز ظفر اقبال پرویز اقبال اور ہیڈ کانسٹیبل کلیم نواز شامل ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حاجی اصغر ٹائون لالہ موسیٰ کا رہائشی 32 سالہ نوجوان نالہ بھمبر گجرات میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گیا
گجرات (جی پی آئی) حاجی اصغر ٹائون لالہ موسیٰ کا رہائشی 32 سالہ نوجوان نالہ بھمبر گجرات میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گیا نعش دو دن کے بعد پانی کے اوپر آ گئی بتایا گیا ہے کہ حاجی اصغر ٹائون لالہ موسیٰ کا رہائشی 32 سالہ نوجوان قاسم یعقوب ولد محمد یعقوب نالہ بھمبر میں نہا رہا تھا کہ اچانک پانی کی تیز لہروں کی نظر ہونے سے ڈوب گیا جس کی نعش دو دن بعد نالہ بھمبر گجرات سے مل گئی کنجاہ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔