ایک مسلح شخص نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں داخل ہو کر پوری انتظامی مشینری کو مفلوج کر کے حکومتی دعووں کا پول کھول دیا ،روحیل اکبر

تحریک تحفظ پاکستان کے مرکزی رہنما روحیل اکبر نے کہا ہے کہ ایک مسلح شخص نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں داخل ہو کر پوری انتظامی مشینری کو مفلوج کر کے حکومتی دعووں کا پول کھول دیا اگر کبھی کالعدم تنظیموں کے مسلح گروہوں نے اپنے مطالبات منوانے کے لیے اسلام آباد کا رخ کر لیا تو وہ پوری حکومت کو یرغمال بنا لیں گے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومتی مشینری صرف ایک مسلح شخص کے ہاتھوں بلیک میل ہو کر 5گھنٹے سے زائدعوام کو ذہنی اذیت دیتی رہی اور کسی قسم کا آپریشن نہ کرسکی جس سے حکومتی اداروں کی نااہلی کھل کر سامنے آگئی کہ وہ صرف مجبور اور غریب عوام پر ہی ظلم کرنا جانتے ہیں جبکہ ایک مسلح شخص ہی ان سب کی ایسی تیسی کرسکتا ہے۔

جبکہ اگست کے شروع میں پاکستان کے خفیہ اداروں نے خبردار کیا تھا کہ شدت پسندوں نے پاکستانی بحریہ، ائر فورس کے ہیڈ کوراٹرز اور پارلیمنٹ ہاس پر ممکنہ حملوں کی منصوبہ بندی کرلی ہے صرف ایک شخص نے ہمارے حکمرانوں کے طرز عمل پر سینکڑوں سوالیہ نشان چھوڑ دیے ہیں کہ کیا وہ ملک وقوم کے ساتھ مخلص ہیں ؟