اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد وزیراعظم نواز شریف نے جناح ایونیو واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا، وفاقی سیکریٹری داخلہ انکوائری کریں گے۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے اسلام آباد جناح ایونیو واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے وفاقی سیکریٹری داخلہ قمر الز مان چوہدری کو ہدایت کی ہے کہ واقعے کی تحقیقات کر کے آج ہی رپورٹ پیش کی جائے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ اس بات کا بھی پتہ چلایا جائے ملزم کے خلاف کارروائی میں تاخیر کا ذمہ دار کون ہے اور کس اتھارٹی کی ذمہ داری تھی کہ وہ معاملے کو معمول پرلاتی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے اس بات کی بھی وضاحت طلب کی ہے کہ پولیس نے ملزم پر قابو پانے کے لیے ایک شخص کو آگے جانے کی اجازت کیوں دی اور قانون نافذ کرنے والے ملزم کا داخلہ روکنے میں کیوں ناکام رہے۔