گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ قوم متحد ہو تو ملک کو درپیش چیلنجز سے نپٹا جاسکتا ہے۔ گورنر پنجاب نے کراچی کے تین روزہ دورے پر کراچی میں قائداعظم محمدعلی جناح کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ وطن عزیز قائداعظم کا قوم کو تحفہ ہے۔ امن، محبت اور بھائی چارگی کی فضا قائم کرنے کے لئے بانی پاکستان کے پیغام کو ملک کے کونے کونے تک پہنچانا ہوگا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ بلاتفریق تمام شہریوں کو یکساں حقوق فراہم کئے جائیں چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ ملک میں انصاف کا بول بالا کرکے ہی پاکستان کو دنیا کا عظیم ترین ملک بنایا جاسکتا ہے اور اس مقصد کے لئے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔