مصر میں نہتے عوام کے خلاف فوجی آپریشن اور ہلاکتوں کی امریکی صدر براک اوباما سمیت متعدد عالمی رہنماں نے شدید مذمت کی ہے۔ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے مصر میں فریقین سے ہرممکن برداشت اور تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
مصر میں حکومت کی بحالی کے حق میں مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف فوجی کارروائی کی پاکستان سمیت دنیا بھر نے مذمت کی ہے۔ قومی اسمبلی میں اظہار افسوس کی قرارداد منظور کر لی گئی۔ دفترخارجہ نے مصر ی فوج کی کارروائی اور اسکے نتیجے میں معصوم جانوں کے نقصان پر سخت تشویش ظاہرکرتے ہوئے مسئلے کے فوری اور پرامن حل کا مطالبہ کیا۔ امریکا نے مصر کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں منسوخ کردیں۔
ترکی نے مصر سے اپنے سفیر کو واپس بلالیا ہے جس کے بعد مصر نے بھی استنبول سے اپنا سفیر واپس بلالیا۔ ترک وزیراعظم نے مصر کی صورت حال پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔امریکہ کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مصر میں رہنے والے تمام امریکی شہریوں کو فوری طور پرمصر چھوڑ نے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یمن کے دارالحکومت صنعا میں برطرف مصری صدر محمد مرسی کے حق میں ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا۔