بھمبرکی خبریں 17.08.2013

شدید بارشوں سے بھمبرپیر کانجی روڈلینڈ سلائیڈنگ سے بند سڑک کے متعدد حصے بارشی پانی کی نظر ہو گئے
بھمبر(جی پی آئی)شدید بارشوں سے بھمبرپیر کانجی روڈلینڈ سلائیڈنگ سے بند سڑک کے متعدد حصے بارشی پانی کی نظر ہو گئے اہلیان دندہ ،ڈھیری ،مٹھالہ ،پیر کانجی سڑک بند ہونے سے بھمبر سے رابطہ کٹ گیا محکمہ لوکل گورنمنٹ نے آنکھیں موند لیںعوام علاقہ کا شدید احتجاج وزیر بلدیات چوہدری محمد یاسین سے نوٹس لینے کا مطالبہ تفصیلات کیمطابق حالیہ موسم برسات کے آغاز سے ہی ہونیوالی بارشوں سے بھمبرپیرکانجی روڈ مٹی کے تودے گرنے سے بند ہو گئی تھی جسکے باعث عوام علاقہ کارابطہ بھمبرسے تقریباً 15روز سے کٹا ہوا ہے روڈ پر واقع گاؤں دندہ ،ڈھیری ،مٹھالہ ،پیرکانجی اور پہل چوہان کی آبادی محصور ہو کر رہ گئی ہے گزشتہ دنوں ہونیوالی شدید بارشوں سے مزید لینڈ سلائیڈنگ نے رہی سہی کسر نکال دی جبکہ قریبی پہاڑیوں سے آنے والے برساتی پانی نے سڑک کے متعدد حصے بہا دیے یاد رہے کہ مذکورہ سڑک محکمہ لوکل گورنمنٹ کے فنڈز سے تعمیر کی گئی اور اس کی مرمت اور دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی محکمہ لوکل گورنمنٹ نے اپنے ذمہ لی تھی لیکن اب محکمہ لوکل گورنمنٹ فنڈز کی عدم دستیابی کا بہانہ بنا کر سڑک کو کھلوانے اور مرمت کروانے سے انکاری ہے جس پر عوام علاقہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہاہے کہ سڑک کے بند ہوجانے سے ہمارا نظام زندگی معطل ہوکر رہ گیا ہے جبکہ علاقہ میں سانپ کے کاٹے جانے والے مریضوں اور دیگر بیماروں کو ہسپتالوں تک منتقل کرنا ناممکن ہوگیا ہے جبکہ سرکاری اورپرائیویٹ تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیاں ختم ہونے پر طلباء وطالبات کو سکولوں اور کالجوں میں جانے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے انہوں نے کہاکہ ہم نے متعدد بار محکمہ لوکل گورنمنٹ کے ذمہ داران اور ڈپٹی کمشنر بھمبرکو حالات کی سنگینی سے آگاہ کیا لیکن محکمہ لوکل گورنمنٹ نے ہمیشہ فنڈز نہ ہونے کا بہانہ بنا کر ٹال مٹول ے کام لیا جسکے باعث عوام علاقہ شدید پریشانی میں دشوار راستوں پر پیدل سفر کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں عوام علاقہ نے کہاکہ اگر بھمبرپیرکانجی روڈ کو نہ کھلوایا گیااور اس کی مرمت نہ کی گئی تو ہم اپنے بیوی بچوں سمیت لوکل گورنمنٹ کے دفتر کے سامنے دھرنا دینگے انہوں نے کہاکہ وزیر بلدیات چوہدری محمد یاسین مذکورہ سڑک کی خستہ حالی کا نوٹس لیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نالہ بھمبرمیں آنے والے سیلابی ریلے نے اہلیان بھمبررجانی اور محلہ شاہ شتر کے عوام کی نیندیں حرام کر دیں بارش کا سیلابی پانی متعدد حفاظتی بند توڑ کے آبادی کے قریب جا پہنچا
بھمبر(جی پی آئی)نالہ بھمبرمیں آنے والے سیلابی ریلے نے اہلیان بھمبررجانی اور محلہ شاہ شتر کے عوام کی نیندیں حرام کر دیں بارش کا سیلابی پانی متعدد حفاظتی بند توڑ کے آبادی کے قریب جا پہنچا جبکہ مزید بارشوں کی پیشن گوئی کے باعث اہلیان علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا اور لوگ نالہ میں آنے والے سیلابی ریلے باعث راتوں کو جاگ کر گزارنے لگے اور توبہ استغفار کرنے کیساتھ ساتھ ذہنی مریض بن گئے اہلیان بھمبر رجانی اور محلہ شاہ شتر کے رہائشیوں نے صحافیوں کو بتایاکہ ہم نے ڈپٹی کمشنر بھمبرکو متاثرہ علاقہ کا دورہ کروایا تھا ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ ذمہ دار اداروں کو حفاظتی بند کی مرمت کی ہدایات کیں لیکن اس مسلے کا کوئی حل تلاش نہ کیا گیا جس کے باعث آج ہمارے رہائشی مکانات تباہی کے دھانے پر کھڑے ہیں ا نہوں نے کہاکہ وزیر اعظم آزادکشمیر صورتحال کا نوٹس لیں اور بھمبرمیں محکمہ لوکل گورنمنٹ کو فوری طور پر حفاظتی بند کی تعمیر اور مرمت کے احکامات جاری کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
غلام رسول عوامی فرض شناس ،متحرک اور نظریاتی کارکن ہیں
بھمبر(جی پی آئی)غلام رسول عوامی فرض شناس ،متحرک اور نظریاتی کارکن ہیں وزیر اعظم عبدالمجید نے غلا م رسول عوامی کو ایڈمنسٹریٹر میرپور کارپوریشن تعینات کرکے عوامی خواہشات اور امنگوں کو پورا کیاہے غلام رسول عوامی اپنی بھرپور صلاحیتوں سے میرپور کے اندر انقلابی اقدامات اٹھائیںگے اور میرپور کو ماڈل سٹی بنانے میں بھرپور کردار ادا کرینگے غلا م رسول عوامی کو ایڈمنسٹریٹر تعینات ہونے پر مبارکباد بھی پیش کرتے ہیں ان خیالات کااظہار سیرلہ کی سیاسی و سماجی شخصیات ماسٹر محمدبوٹااورراجہ فرمان علی اور نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے غلام رسول عوا می کو یہ منصب دیکر عوا م علاقہ کادل جیت لیاہے غلام رسول عوامی شروع دن سے ہی دل میں عوامی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں انہوں نے میرپور کے اندر بے شمارفلاحی منصوبہ جات میںاپنا حصہ ڈال کر انسانیت کی خدمت کی ہے اور بطور چیئرمین زکوة وعشر غرباء اور مساکین کو ان کا حق دلانے میں بھرپور کردار ادا کیا انہی خدمات کے صلے میں پیپلزپارٹی کی گورنمنٹ نے متحرک اور نظریاتی کارکن کو ایڈمنسٹریٹر میرپور کارپوریشن تعینات کرکے عوامی خواہشات اور امنگوں کو پورا کیا ہے اس موقع پر دیگر شخصیات ذبیح اللہ بٹ ،راجہ ذوالفقار ،راجہ محمد آصف مرزا مظہر اقبال ،اظہر اقبال ،مرزااختر حسین ،عمر جاوید ،مرزا عبدالشکور ،حسن جاوید ،مرزاانصر حسین ،ماسٹر جاوید اقبال سونی ،مرزا غلام فاروق ،محمد اشفاق ،راجہ نعیم نجمی ،راجہ خالد گڈو،ملک شوکت حسین رومان رضا نے بھی غلام رسول عوامی کو مبارکباد دی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر میں بیکری مالکان بے لگام من پسند ریٹ لگا کر جعلی اور خودساختہ ریٹ لسٹیں آویزاں کر دیں مٹھائی 20روپے فی کلو جبکہ سموسہ 2روپے اور دیگر بیکری اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا
بھمبر(جی پی آئی)بھمبرمیں بیکری مالکان بے لگام من پسند ریٹ لگا کر جعلی اور خودساختہ ریٹ لسٹیں آویزاں کر دیں مٹھائی 20روپے فی کلو جبکہ سموسہ 2روپے اور دیگر بیکری اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا شہریوں کا شدید احتجاج انتظامیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ تفصیلات کیمطابق بھمبرمیں قائم بیکری شاپس کے مالکان نے عید کے موقع پر انتظامیہ کی چھٹیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مٹھائی ،سموسے ،سینڈوچ ،کیک پیس ،کریم کیک اور فروٹ کیک سمیت بسکٹوں اور دیگر اشیاء کی قیمتوںمیں خود ساختہ اضافہ کر دیا بیکری مالکان نے نام نہاد ایسوسی ایشن کوٹلہ گجرات بھمبرکی خود ساختہ ریٹ لسٹیں آویزاں کر کے مہنگے داموں اشیاء کی فروخت جاری رکھے ہوئے ہیں جس پر بھمبرکے شہری حلقوںنے شدید احتجاج کرتے ہوئے بھمبرکی انتظامیہ سے نوٹس لینے اور انتظامیہ کی طرف سے منظور شدہ پرائس لسٹیں آویزاں کروانے کامطالبہ کیاہے ۔