اسلام آباد (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے عرب لیگ اور او آئی سی کے کردار کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مصر کے عوام زخموں سے چور ہیں، انہیں ٹینکوں سے روندا جا رہا ہے، کتے بلیوں کے حقوق کی بات کرنے والے مصر میں انسانی حقوق کی پامالی پر کیوں خاموش ہیں۔ مصر میں قتل عام کے خلاف اسلام آباد میں جماعت اسلامی نے احتجاجی جلسہ کیا۔
منور حسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مصری عوام کی بھاری اکثریت نے اخوان المسلمون کے منشور اور عوامی ریاست کے قیام کے لئے مرسی کو ووٹ دیئے۔ انہوں نے مرسی کو آئینی صدر قرار دینے پر ترکی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ترکی نے صحیح معنوں میں اسلام دوستی کا ساتھ دیا۔ منور حسن نے کہا کہ اسلامی تحریکوں کو دبانے کی سازش کی جا رہی ہے۔