غیر جماعتی انتخابات، تحریک انصاف کا قانونی چارہ جوئی کا اعلان

PTI

PTI

لاہور (جیوڈیسک) لاہور پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب میں غیر جماعتی بلدیاتی انتخابا ت کے فیصلے کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کر دیا۔ قانونی ماہرین کو بل کا جائزہ لینے کی ہدایت کر دی گئی۔ پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے لاہور میں ہونے والے اجلاس میں پنجاب کے لوکل گورنمنٹ بل2013 کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے شرکا نے حکومت پنجاب کے غیر جماعتی بنیاد پر انتخابات کے فیصلے کو مسترد کر دیا۔ اجلاس میں ممبران نے فیصلے پر شدید احتجاج کیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ قانونی ماہرین اس بل کا بغور جائزہ لے رہے ہیں اور اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی بھی کی جائے گی۔ اجلاس میں پنجاب کی سطح پر ایک پولیٹیکل کمیٹی بھی خورشید محمود قصوری کی سربراہی میں قائم کی گئی جبکہ بل کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اپوزیشن جماعتوں سے مل کر کر بھرپور احتجاج کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیلاب متاثرین کے لئے پنجاب کی سطح پر فوری طور پر فلڈ ریلیف کمیٹی ایم پی اے ڈاکٹر نوشین حامد معراج اور ڈاکٹر فارو ق طاہر چشتی کی سربراہی میں قائم کر دی ہے۔ پنجاب کے عہدیداران سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے بھی کریں گے۔