حیدر ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام انہدام جنت البقیع اور سیدہ بی بی زینب کی مجلس سے مقررین کا خطاب

کراچی : مولانا نجف علی عابدی نے کہا ہے کہ مقدس مقامات کی حفاظت مسلمانوں کی ذمہ داری ہے،1926 میںسعودی حکومت نے جنت البقیع میں مقدس مقامات کو مسمار کرکے عالم اسلام کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرکے رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم دشمنی کا ثبوت دیا ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدر ویلفیئر آرگنائزیشن کراچی کے زیر اہتمام یوم انہدام جنت البقیع اور سید ہ بی بی زینب پر منعقدہ مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کیا مجلس سے حیدر ویلفیئر کے چیئر مین سید حیدر عباس رضوی، ارتضیٰ جونپوری، ظہیر عباس ظہیر، پروفیسر حسن نجمی، نواب حسین زیدی نے خطاب کیا۔

شباب حیدر و ساتھیوں نے سوز خوانی کی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا نجف علی عابدی نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ سعودی حکومت سے دوبارہ جنت البقیع کی تعمیر نو کی درخواست دے ملت جعفریہ اس کی عظیم عالی شان تعمیر خود کرینگی انہوں نے تمام عالم اسلام سے کہاکہ وہ مقدس مقامات پر ڈھائے جانے والے اس ظلم پر احتجاج بلند کریں مولانا نجف علی عابدی نے فلسطین ،کشمیر ،عراق،افغانستان،مصر و شام میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم اور مقدس مقامات کی بے حر متی پر احتجاج کرتے ہوئے اسلامی ممالک سے کہا ہے کہ وہ اپنے اسرو رسوخ اختیار کرکے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و بربریت اور مقدس مقامات کی بے حرمتی کا سلسلہ فوری بند کرائیں۔

مجلس سے خطاب کرتے ہوئے حیدر ویلفیئر آرگنائزیشن کے چیئر مین سید حیدر عباس رضوی نے انہدام جنت البقیع اور سیدہ بی بی زینب کے روزے کی بے حرمتی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی دشمنی پر مبنی سلسلہ فوری بند کیا جائے اور جگر گوشہ رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم اصحاب رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم، ازدواج رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی قبور کی تعمیر کی اجازت دی جائے مجلس کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی ،ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔