لاہور (جیوڈیسک) پنجاب حکومت کی طرف سے چترال کے سیلاب زدگان کیلئے 23 ٹرکوں پر امدادی سامان روانہ کر دیا گیا۔ وزیراعلی شہباز شریف کہتے ہیں کہ پنجاب حکومت پورے ملک میں سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے سرگرم ہے۔ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی دفتر ماڈل ٹائون سے چترال میں متاثرین سیلاب کے لئے امدادی سامان روانہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اگر بغیر بتائے دریائوں میں پانی چھوڑ رہا ہے تو یہ زیادتی ہو گی۔
خادم اعلی کا کہنا تھا کہ وہ وزیراعلی خیبر پختونخوا کے ساتھ رابطے میں ہیں اور سیلاب زدگان کے لئے مزید اشیا درکار ہوئیں تو فورا روانہ کی جائیں گی۔ متاثریں سیلاب جہاں بھی ہوں گے ان کی مدد کرنا پنجاب حکومت کا فرض ہے۔
میاں شہباز شریف نے دریائے چناب پر بغیر حفاظتی بند کے پل بنانے پر پیپلز پارٹی کی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کہ بغیر کسی پلاننگ کے پل بنا کر عوام کا کروڑوں روپے ضائع کر دیا گیا۔ وزیراعلی نے اس موقع پر آٹا، گھی، چینی، دالیں، ادویات، کمبل اور خیمے پر مشتمل 23ٹرکوں پر امدادی سامان بھی روانہ کیا۔