اضلاع کی خبریں 19.08.2013
Posted on August 19, 2013 By Geo Urdu سٹی نیوز
گوجرانوالہ(جی پی آئی)وزیر مملکت برائے نج کاری انجینئر خرم دستگیر خان کہا ہے کہ ملک کو لاحق سنگین مسائل سے نجات دلانے کے لئے مسلم لیگ ن نے درست سمت میں پیشقدمی شروع کر دی ،ہم وطنوں کوروشن اور ترقی یافتہ پاکستان کی منزل ضرور ملے گی ، عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے لئے گوجرانوالہ کی مخلص قیادت اورسچی نیت والی قیادت عوامی خدمت کا دائرہ مزید وسیع کرے گی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پرشہریوں کے وفود سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوںنے کہا کہ یہ بات رو زروشن کی طرح عیاں ہے کہ پیپلزپارٹی اور اسکے لٹیرے اتحادیوں نے اپنے دور اقتدار میںملکی اداروں کے ساتھ گھنائونا کھیل کھیلا اورعوام کو مہنگائی ،لوڈ شیدنگ اور دہشت گردی کے تھپیڑوں کی نذر کر کے اپنی ساری توجہ لوٹ مار پرمرکوز رکھی جس سے عوام کی زندگی اجیرن ہو گئی لیکن عوام نے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن پر اعتماد کرکے خوشحال اور ترقی والے پاکستان کی بنیا د رکھ دی ہے اب وہ وقت زیادہ دور نہیں ہے جب پاکستان ایک روشن، خوشحال اور ترقی یافتہ ملک میں تبدیل ہوجائے گا،انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ کی مخلص اور دیانتدار قیادت نے پچھلے پانچ سال صدق دل سے شہر کی خدمت کی اور گوجرانوالہ کی تاریخ کے سب سے بڑے منصوبے لا کر عوام کے قدموں میں نچھاور کر دئیے، الیکشن میں کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے لئے مسلم لیگ ن کی قیادت آنے والے دنوں میں عوامی خدمت کا دائرہ مزید وسیع کرے گی اور عوام کو عنقریب روشنیوں والا پاکستان اپنی آنکھوں کے سامنے نظر آئے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانانے مصری فوج کی طرف سے وحشیانہ طاقت کے استعمال کے نتیجے میں بڑی تعداد میں معصوم مسلمانوں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ، تحریک انصاف مصر میں جمہوریت کی حامی ہے اور مصری عوام کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتی ہے، ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ مسلم ممالک اور عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے اور مصر میں اتنے بڑے پیمانے پر ہلاکتیں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے۔ معصوم نہتے شہریوں کا قتل عام اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو کیوں نظر نہیں آرہا، امت مسلمہ کو چاہئے کہ وہ اسرائیل اور یہود و نصاریٰ کی سازشوں سے بچیں۔ تحریک انصاف مصری عوام کے اس دکھ کی گھڑی میں برابر کی شریک ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو اعزاز حاصل ہے کہ جس نے زمرد خان جیسے سپوت قوم کو دیئے ہیں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ایک مسلح شخص سکندر نے5گھنٹوں تک پورے شہر کو یر غمال بنائے رکھا مگر وفاقی وزیر داخلہ ‘سیکر ٹری داخلہ ‘آئی جی اسلام آباد سمیت کوئی بھی وہاں نظر نہیں آیا ملک میں حکو مت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی، دہشت گردوں نے پورے ملک کو یر غمال بنا رکھا ہے۔ زمرد خان کے نام کے ساتھ پیپلزپارٹی لگتا ہے جسکی وجہ سے (ن) لیگ والوں کو تکلیف ہو رہی ہے زمرد خان کی جرات کو حماقت کہنے والے مشکل وقت میں پرویز مشرف سے10سالہ معاہدہ کر کے ملک سے بھاگ جانیوالے شر یف برادران کے اقدام کو ہی جرات سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زمرد خان نے جس جرات کا مظاہرہ کیا ہے پوری قوم ان کو خراج تحسین پیش کرتی ہے اور حکو مت کو چاہیے کہ انکو ستارہ جرات کا ایوارڈ دیا جائے اور نااہلی دکھانیوالوں کے خلاف کاروائی کی جائی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ملک کی واحد جماعت ہے جس نے زمرد خان جیسے غیرت مند اور جیالے بیٹے قوم کو دیئے ہیں زمرد خان نے قائد عوام ذوالفقار بھٹو، بینظیر بھٹو کی جرات مندی اور بہادری کی یادیں تازہ کردیں ہیں، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک شخص کی وجہ سے پوری پاکستانی قوم ذہنی اذیت میں مبتلا رہی، اس موقع پر (ن) لیگ کے تمام بااختیار وزیر اپنے سرکاری محلات میں بیٹھ کر قوم کی بے بسی کا تماشہ دیکھ رہے تھے ،وفاقی وزیر داخلہ ‘سیکر ٹری داخلہ ‘آئی جی اسلام آباد سمیت کوئی بھی وہاں نظر نہیں آیا انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے پورے ملک کو یر غمال بنا رکھا ہے۔ ملک میں حکو مت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی، زمرد خان نے جس ہمت اور بہادری سے مسلح شخص کو قابو کیا حکومت کو آگے بڑھ کرزمردخان کی پذیرائی کرنی چاہئے تھی، لیکن کچھ لوگ اس واقعہ کو ہضم نہیں کر پا رہے اور باتیں بنارہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عدلیہ اور الیکشن کمیشن کی موجودگی میں پارلیمانی کمیٹی کا کوئی جواز نہیں: چودھری شجاعت حسین
لاہور (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس یہاں ان کی رہائش گاہ پر منعقد ہواجس میں پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے موجودہ اور سابق ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ عدلیہ اور الیکشن کمیشن کی موجودگی میں پارلیمانی کمیٹی کا کوئی جواز نہیں ہے، حکومت نے انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے جو پارلیمانی کمیٹی بنانے کا اعلان کیا ہے وہ دراصل انتخابات میں دھاندلی کو چھپانے کیلئے نئی دھاندلی ہے، دو ماہ بعد اچانک پارلیمانی کمیٹی بنانا مضحکہ خیز ہے، انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے اکثر امیدوار اور جماعتیں الیکشن کمیشن اور عدالتوں سے رجوع کر چکے ہیں، عدالتوں میں ان کے کیس چل رہے ہیں اس صورتحال میں پارلیمانی کمیٹی کیا اقدامات کر سکے گی، جن ارکان کے خلاف کیس عدالتوں میں ہیں وہ اسمبلیوں میں بیٹھے ہیں جو کمیٹی کی کارروائی کو فعال کیسے ہونے دیں گے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے، لاقانونیت، مہنگائی اور بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ کے ساتھ بیروزگاری نے عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے، ن لیگ کی غلط حکمت عملیوں اور پالیسیوں کو بے نقاب کرنے کیلئے پاکستان مسلم لیگ اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی، پاکستان مسلم لیگ میڈیا کے ذریعے عوام کو ن لیگ کی غلط پالیسیوں سے آگاہ کرے گی اس سلسلے میں سینیٹ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں میں آواز بلند کی جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ہر مشکل وقت میں جماعت اسلامی نے ملک و قوم کی خدمت کی ہے:جماعت اسلامی پنجاب
لاہور(جی پی آئی)ممبر صوبائی اسمبلی و پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے سیلاب متاثرین کی ہر ممکن خدمت کویقینی بنانے کے حوالے سے کارکنوں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی سرگرمیوں کو مزید بہتر اور تیز کریں۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن نے ملک و قوم کی ہر مشکل وقت میں خدمت کی ہے۔2005کا خوفناک زلزلہ ہو یا2010کے تباہ کن سیلاب ہمارے کارکن ہمیشہ میدان عمل میں پیش پیش رہے ہیںاور آج بھی خدمت خلق کاجذبہ لیے اپنی ذمہ داریاںبخوبی سرانجام دے رہے ہیں۔سیلاب متاثرین بے یارو مددگار کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے مجبور ہیں ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔حکومت کے سیلاب کو کنٹرول کرنے کے تمام دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہوچکے ہیں۔قوم دل کھول کر اپنے سیلاب زدہ بہن بھائیوں کی مددکرے۔تباہی بہت بڑے پیمانے پر ہوئی۔سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مختلف انواع کی بیماریاں پھوٹنے کا خدشہ ہے۔حکومت ہنگامی صورتحال کی پیش نظر بروقت اقدامات کو یقینی بنائے۔انہوں نے کہاکہ ضلع راجن پور میںگزشتہ کئی روزسے جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضاکار خدمات سر انجام دے رہے ہیں ۔ ابتدائی طور پر 500 افراد کو فوری ریسکیوکیا گیا۔ جبکہ 4 فلڈ ریلیف کیمپ بھی قائم کیے گئے جن میں متاثرین کا مفت طبی معائنہ اور ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔روزانہ کی بنیاد پر 10 دیگیں پکے پکائے کھانے کی تقسیم کی جا رہی ہیں۔جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن کے ذمہ داران نے عید سیلاب متاثرین کے ساتھ منائی اور ان کو عید کی خوشیوں میں شامل رہتے ہوئے عید گفٹ بھی تقسیم کیے۔ضلع نارووال و سیالکوٹ میں تیار کھانے کی 40 دیگیں 7 مقامات پر تقسیم کی جا رہی ہیں۔ جبکہ کئی مقامات پر PIMA کے تعاون سے میڈیکل کیمپس میں ڈاکٹرز بھی خدمات سر انجام دے رہے ہیں اور متاثرین کو مفت ادویات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارت مسلسل پانی چھوڑرہاہے جس سے سینکڑوں دیہات زیر آب آچکے ہیں۔ایک سو سے زائد قیمتی جانیں لقمہ اجل بن چکی ہیں جب کہ لاکھوں ایکڑ پہ تیار فصلوں کو نقصان پہنچاہے۔صوبائی حکومت سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے کر کسانوں کو مفت کھاد اور بیج کی فراہمی اور طالب علموں کی ایڈمیشن اور سالانہ فیسوں کو معاف کرے۔سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی مکمل بحالی تک جماعت اسلامی کے کارکن چین سے نہیں بیٹھیں گے۔چناب میں نادر آباد کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب اور حافظ آباد کے40دیہات میں پانی ہی پانی ہے۔تاریخ میں پہلی مرتبہ سیالکوٹ کے نالے میں پانچ لاکھ کیوسک پانی کا ریلا آیا۔حکومت کو نمائشی اقدامات کرنے کی بجائے عملی طور پر کارکردگی دکھانی ہوگی۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزیدکہاکہ وزیر اعلیٰ سیلاب متاثرین کے نام پر ملنے والی اندرونی و بیرونی امداد کی سخت مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں۔ماضی کے مقابلے میں امداد کی متاثرہ خاندان تک ترسیل کو شفاف بنانے کی ضرورت ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نالائقی پر پردہ ڈالنے کے لیے زمرد شاہ پر تنقید کی جارہی ہے ، آمنہ الفت
لاہور (جی پی آئی) ق لیگ شعبہ خواتین لاہور کی صدر آمنہ الفت سابق رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اسلام آباد واقعہ پر نالائقی پر پردہ ڈالنے کے لیے ن لیگ والے زمرد خاں پر تنقید کررہے ہیں، رانا ثناء اللہ کا زمرد خاں بارے موقف کھسیانی بلی کھمبا نوچے والا ہے، حکومت زمرد خاں کو پیپلزپارٹی کا عہدیدار سمجھنے کی بجائے ایک محب وطن پاکستانی سمجھے اور تعصب کی عینک اتارے اسلام آباد ڈرامے کے واحد ذمہ دار وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار ہیں جن کے غیر پیشہ وارانہ روئیے، ہٹ دھرمی کے باعث پوری اسلام آباد پولیس عضو معطل بن کر رہ گئی، زمرد خاں کے ایکشن نے قوم کو نفسیاتی ہیجان سے نجات دلائی وزیر داخلہ کسی پولیس افسر کو معطل کرنے کی دھمکیاں دینے کی بجائے خود مستعفی ہوں وہ میڈیا پر یہ ذمہ داری قبول بھی کرچکے ہیں، انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے برسراقتدار آنے کے بعد ملک کو بدنام کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
8شوال 1344ہجری کا دن تاریخ اسلام کا وہ سیاہ ترین دن ہے :راجہ ناصر عباس جعفری
لاہور(جی پی آئی)8شوال 1344ہجری کا دن تاریخ اسلام کا وہ سیاہ ترین دن ہے کہ جب جنت البقیع میں اہل بیت اور اصحاب رسول ۖکے مزارات مقدسہ کو منہدم و مسمار کر دیا گیا، امت مسلمہ کی خاموشی نے آج دشمنان اسلام کواتنی جرات اور ہمت بخشی کے نوبت کربلا، بغداد، مکہ اور شام کے مقدس مقامات تک آن پہنچی ہے،جنت البقیع میں مدفون ملت اسلامیہ کے تمام مکاتب کی محترم اور مقدس شخصیات کی قبور کی تعمیر نو اور اس عظیم سرمایہ کی حفاظت کے لئے ایک بین الاقوامی تحریک کا آغاز کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے (سربراہ) مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم انہدام جنت البقیع کی موقع پر مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے مذمتی بیان میں کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ تاریخ اسلام کے سیاہ ترین ایام کا ذکر کیا جائے تو 8شوال یوم انہدام جنت البقیع ہمارے دل کو اس طرح رنجیدہ کر دیتا ہے جیسے یہ دل خراش واقعہ آج ہی رونما ہوا ہو ۔ 1344ہجری میں وہابی عقائدکے پیروکارآل سعود نے مدینتہ النبیۖپر قبضے کے بعد اسلام کے تاریخی قبرستان اور اس میں موجود شیعہ سنی مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کی قبور بارگاہوں اور مزاروں کو مسمار ومنہدم کردیا ، جہاں اجداد رسول اکرم ۖ اہل بیت (ع)، امہات المومنین (رض) اور اصحاب پیغمبرۖکے مزارات موجود تھے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر جنت البقیع کی تاراجی کے وقت ملت اسلامیہ یک زبان ہو کر اس عظیم اہانت اور توہین پر سراپا احتجاج ہو جا تی تو آج ان اسلامی مقدسات کے دشمنوں کی اتنی مجال نہ ہو تی کہ یہ بغداد، کربلا، شام، مصر اور دیگر ممالک میں اہل بیت اور اصحاب رسولۖکے مزارات کی جانب میلی آنکھ اٹھا کر بھی دیکھتے۔ مزارات اور قبور مقدس کا احترام تمام مکاتب کے درمیان یکساں ہے، کسی بھی غیرت مند مسلمان کا نفس ان مقدمات مقدسہ کی توہین برداشت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے تمام عالم اسلام خصوصاشیعہ سنی مکاتب فکرسے تعلق رکھنے والے علما ،دانشور، اہل ممبراور اہل قلم حضرات کی ذمہ داری ہے کہ جنت البقیع میں مسمار ومنہدم شدہ قبور مقدس کی تعمیر نو کے لئے ایک بین الاقوامی تحریک کی داغ بیل ڈالیں، تاکہ، یہ روحانی و معنوی سرمایہ اور آثار قدیمہ سے تعلق رکھنے والے اس عظیم نوعیت کے قبرستان حفاظت کی جائے جس کی فضیلت میں روایات موجود ہیں، حفاظت اور تعمیر نو کے ساتھ یہاں مدفون ہستیوں کی خدمات کا ادنی سا حق ادا کر سکیں۔