لیاقت نیشنل ہسپتال و میڈیکل کالج کراچی کے زیر اہتمام جشن آزادی کے حوالے سے شایان شان تقریب کا انعقاد

کراچی : لیاقت نیشنل ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر سلمان فریدی نے کہا کہ یوم آزادی خود احتسابی کا دن ہے ہمیں اس بات کا جائزہ لینا ہوگا کہ ہم نے پاکستان کو کیا دیا پاکستان نے ہمیں نام دیا شہرت دی اور ایک آزاد فضا میں جینے کا موقع دیا انہوں نے کہاکہ یوم آزادی کے دن ہمیں اس بات کا عہد کرنا ہوگا کہ ہم پاکستان کی ترقی اور اس کی سلامتی کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر سلمان فریدی نے لیاقت نیشنل ہسپتال و میڈیکل کالج کراچی کے زیر اہتمام جشن آزادی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب سے لیاقت نیشنل میڈیکل کالج پرنسپل و ڈین پروفیسر ڈاکٹر امیر علی شورو اور دیگر نے بھی خطاب کیا تقریب میں لیاقت نیشنل ہسپتال و میڈیکل کالج کے اسٹاف کے علاوہ طلباء و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت نیشنل میڈیکل کالج کے پرنسپل و ڈین پروفیسر ڈاکٹر امیر علی شورو نے کہاکہ ایک آزاد وطن ہمارے لئے عطیہ خدا وندی ہے اللہ تعالیٰ ہمیں پاکستان کی ترقی ،خوشحالی اور اس کی سلامتی کے لئے اپنی توانائیاں اور صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی ہمت و طاقت عطاء کرے تقریب کے اختتام پر لیاقت نیشنل ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر سلمان فریدی نے دعا کی اللہ تعالیٰ پاکستان کی حفاظت فرمائے۔

اسے ہر بری نظر سے محفوظ فرمائے اور ہمیں پاکستان کے لئے اپنی توانائیاں وقف کرنے کی توفیق عطاء فرمائے۔ بعد ازاں یوم آزادی کے موقع پر ہسپتال و کالج انتظامیہ کی جانب سے اسٹاف و طلباء و طالبات کے اعزاز میں خصوصی ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیا۔