فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک میں تبدیلی کا آغاز ہو چکا، اب سونامی کو کوئی نہیں روک سکتا، عوام ایک ماہ میں خیبر پختونخوا سے نیا پاکستان بنتا دیکھیں گے۔
جلسے سے خطاب کے دوران سسٹم کی خرابیوں پر خوب برسے، ان کا کہنا تھا کہ بار بار اقتدار میں آنیوالوں نے ماضی میں کچھ نہیں کیا۔ مستقبل میں کیا تیر مارلیں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ لوٹ مار اور بدعنوانی نے ملک تباہ کر دیا، کرپشن میں جس قدر اضافہ ہو گا، مہنگائی بھی اتنا ہی بڑھے گی، ملک قرضوں پر چل رہا ہے اور ہر بچہ 80 ہزار روپے کا مقروض ہے۔
نئی حکومت بننے کے بعد ڈالر پانچ روپے مہنگا ہوا کوئی دیہاڑی دار مزدور سے پوچھے کہ اس کا چولھا کیسے جلتا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام اب نیا پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں۔ تحریک انصاف یہ خواب ضرور پورا کریگی۔ تبدیلی کا آغاز کر دیا ایک ماہ میں خیبر پختونخوا کو دوسرے صوبوں کیلئے مثال بنا دیں گے۔